آزادکشمیر: دیہاتی خواتین نے زیورات، مردوں نے موٹر سائیکلیں بیچ کر اپنی مدد آپ کے تحت سڑک بنا ڈالی

Aug 30, 2018

راولاکوٹ (آن لائن) آزاد کشمیر میں خواتین نے زیورات بیچ کر اپنی مدد آپ کے تحت سڑک کی تعمیر کروانے کا انوکھا کارنامہ سرانجام دے دیا۔ کئی لوگوں نے مال مویشی اور نوجوانوں نے موٹر سائیکلیں فروخت کر کے اس تعمیر میں اپنا حصہ ڈالا۔ دو سال سے لوگ اپنے گائوں کو دوسرے گائوں سے ملانے والی سڑک کی تعمیر کیلئے حکومتی فنڈز کے منتظر رہے فنڈز نہ ملنے پر خواتین نے زیورات اور مردوں نے مال مویشی اور سواری بیچ کر سڑک بنا ڈالی۔ یہ انوکھی تعمیر مسلم لیگ ن کی واحد منتخب خاتون ممبر اسمبلی بیگم نورین عارف راجہ کے آبائی حلقہ میں بلند پہاڑوں پر واقع گائوں کلتھیال میں ہوئی اس گائوں کے رہائشی عبدالرحیم نے بتایا کہ ہم تین سال سے اپنی مدد آپ کے تحت سڑک کی تعمیر میں مصروف ہیں گائوں کے لوگ گھروں سے اپنا کھانا ساتھ لا کر سڑک ہاتھوں سے تعمیر کررہے ہیں، حکومت کی طرف سے انتخابات کے دوران وعدہ کیا گیا لیکن کوئی الیکشن کے بعد وعدے پر اس حلقے سے نشست جیتنے کے باوجود یہاں نہیں آیا اب یہاں کھدائی کیلئے مشین لائی گئی جس کے لیے گیارہ لاکھ روپے کی ادائیگی خواتین نے اپنے زیورات بیچ کر کی۔

مزیدخبریں