کراچی (وقائع نگار) واٹر کمیشن کے سربراہ نے غیر قانونی پارکنگ کو شہر کی تباہی کا ذمہ دار قرار دے دیاہے۔پانی کی فراہمی و نکاسی کی صورتحال پر قائم واٹر کمیشن کی سندھ ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی۔ واٹر کمیشن کے سربراہ جسٹس (ر) امیر ہانی مسلم نے گلشن اقبال میں قائم سپر اسٹور کو ایک ماہ میں لیاری ندی سے اپنی پارکنگ ختم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ اگر ندی پر پارکنگ ہوئی تو کراچی پولیس چیف ذمہ دار ہوں گے۔ کمیشن نے غیر قانونی عمارتوں اور قبضے ختم کرانے میں ناکامی پر ڈی جی ایس بی سی اے کو نوٹس جاری کردیا جب کہ ایس ایچ او تھانہ ایس بی سی اے کو بھی ہٹانے کا حکم جاری کر دیا۔ دریں اثنا کیس کی سماعت میں ڈی جی ایس بی سی اے افتخارقائم خانی نے عہدہ چھوڑنے کا اعلان کر دیاان کا کہنا ہے کہ مجھے عہدے سے چمٹنے کی ضرورت نہیں۔ سندھ میں فراہمی ونکاسی آب کمیشن کی سماعت سندھ ہائیکورٹ میں ہوئی۔کمیشن نے ریمارکس دیئے کہ کسی بھی ادارے کی ناکامی کاذمہ دارسربراہ ہوتا ہے، آپ نااہل ہیں یا آپ کے افسران،اے سی دفاترسے باہرنکلیں توکچھ ہو،آپ کوسپورٹ نہیں مل رہی توگھرچلے جائیں،میں آپ کی جگہ ہوتااوربے بس ہوتا توگھرچلاجاتا۔ ڈی جی ایس بی سی اے افتخارقائم خانی نے عہدہ چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ میں اپناعہدہ چھوڑنے کوتیارہوں، مجھے عہدے سے چمٹنے کی ضرورت نہیں۔
واٹر کمیشن نے غیر قانونی پارکنگ کو شہر کی تباہی کا ذمہ دار قرار دے دیا
Aug 30, 2018