لاہور(خصوصی نامہ نگار )تحریک حرمت رسول ؐ کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ تحفظ حرمت رسول ؐ کیلئے مسلم امہ کو متحد وبیدار کرنے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔شان رسالت ؐ میں گستاخیوں پر ادنیٰ سے ادنیٰ مسلمان بھی کسی طور خاموش نہیں رہ سکتا۔ مسلم حکمران او آئی سی کی طرح دیگر بین الاقوامی فورمز پر بھی بھرپور آواز اٹھائیں اورعالمی سطح پر تمام انبیاء کی حرمت کے تحفظ کیلئے قانون سازی کیلئے کردار ادا کریں۔مسلم ممالک ہالینڈ کے سفیروں کو ملک بدر اور اپنے سفیر واپس بلائیں۔مغربی ممالک کو صاف طور پر بتادیا جائے کہ تحفظ ناموس رسالت ؐ پر کوئی کمپرومائز نہیں کیاجاسکتا۔ان خیالات کا اظہار تحریک حرمت رسول ؐ کے چیئرمین مولانا امیر حمزہ، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، پیر سید ہارون علی گیلانی،محمد یعقوب شیخ ،حافظ عاکف سعید، مولانا محمد امجد خاں،مولانا عبدالرئوف فاروقی، علامہ ابتسام الہٰی ظہیر، حافظ عبدالغفار روپڑی، خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ اور حافظ کاظم رضانے اپنے مشترکہ بیان میںکیا۔ انہوںنے کہاکہ نبی اکرمؐ کی حرمت کادفاع پورے عالم اسلام کا دفاع کرنا ہے۔ حرمت رسول ؐ کے تحفظ کیلئے ہر مسلمان کو بڑھ چڑھ کر کردار اداکرنا چاہیے۔