لاہور (خبر نگار) صوبائی وزیراطلاعات وثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پاکستان اور پنجاب کے عوام نے وزیراعظم عمران خان کی قیادت اور پاکستان تحریک انصاف پربھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے جو واضح مینڈیٹ دیا ہے اس کی لاج رکھیں گے اور عوام کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔ ہماری حکومت ایمانداری، صلاحیت اور احساس ذمہ داری کے اصولوں پر عمل پیرا ہوتے ہوئے آگے بڑھے گی اور ہمارے قائد عمران خان نے یہی ویژن دیا ہے۔ ہماری حکومت اپنی ذات، خاندان یا ذاتی معاش کو پروان چڑھانے کی بجائے عوام کی فلاح وبہبود کے لئے کام کرے گی۔ ہمارا پہلا اور آخری مقصد پنجاب اور پاکستان کے عوام کی خدمت، پاکستان کی بقا اور معیشت کی بحالی ہے جس کے لئے اپنی جان لڑا دیں گے۔ فیاض الحسن چوہان نے محکمہ تعلقات عامہ میں پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ممبر صوبائی اسمبلی عائشہ چودھری اور سیکرٹری اطلاعات بلال بٹ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ صوبائی وزیراطلاعات نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آج 92سے 97ارب ڈالر کا مقروض ہے اور اس کی برآمدات 19ارب ڈالر پر آ گئی ہیں جو پہلے 37ارب ڈالر تھیں۔ ہر سال اربوں روپے کی منی لانڈرنگ اور کرپشن ہو رہی ہے۔ جس کی وجہ سابق حکمرانوں کی اقرباپروری کی سیاست اور کرپشن ہے۔ سابق دور حکومت میں مخالفین کی ذاتی زندگیوں پر تنقید کی جاتی رہی ہے۔ اب عمران خان کی قیادت میں بننے والی حکومت کے دور میں ایسا نہیں ہو گا۔ کسی کی ذاتی زندگی کے حوالے سے استحصال نہیں کیا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ ڈی پی او رضوان گوندل کا معاملہ محکمانہ ہے اور آئی جی نے اپنے طور پر ایکشن لیا ہے۔ بنی گالا یا وزیراعلیٰ آفس کا اس معاملے سے کوئی تعلق نہیں۔ واقعہ کی تحقیقات ہو رہی ہیں۔ جو بھی حقائق سامنے آئیں گے ان کے مطابق کارروائی ہو گی۔ علاوہ ازیںصوبائی وزیراطلاعات وثقافت فیاض الحسن چوہان کو سول سیکرٹریٹ میں اجلاس میں محکمہ اطلاعات سے منسلک مختلف محکموں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر چیف انفارمیشن کمشنر پنجاب نے پنجاب انفارمیشن کمشن کے ایک سال تک غیرفعال رہنے کے بعد حال ہی میں فنکشنل ہونے کے بعد تین ماہ کی رپورٹ پیش کی۔ صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ سروس رولز کے تین سال سے زیر التوا رہنے کے باعث کمیشن انتہائی محدود افرادی قوت کے ساتھ فرائض سرانجام دے رہا ہے۔ پنجاب انفارمیشن کمشن نے اس قلیل عرصہ میںسابقہ زیرالتوا تقریباً سولہ سوعوامی شکایات کو جنگی بنیادوں پر نمٹانے کا بیڑہ اٹھایا اور دن رات کی کوشش سے تقریباً سترفیصد شکایات کو نبٹا دیاگیا ہے جبکہ ستمبر 2018کے دوران تمام سابقہ شکایات نبٹا دی جائیں گی۔ اسی طرح کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرکے فعال کردیاگیاہے۔ قبل ازیں صوبائی وزیراطلاعات وثقافت پنجاب فیاض چوہان نے کہا ہے کہ فنکار کسی بھی معاشرے میں امن کے عکاس اور اس کی پہچان ہوتے ہیں۔ تھیٹر اور ثقافت کو غیر اخلاقی بنانے والوں کا قبلہ درست کر دیں گے۔ فلموں اور ڈراموں میں جذبہ حب الوطنی کو اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف لینگوئج، آرٹ اینڈ کلچر (پلاک) میں معروف موسیقار مجاہد کی موسیقی میں خدمات کے اعتراف کے سلسلہ میں منعقد پر وقار تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر نامور گلوکار عارف لوہار، گلوکارہ سائرہ نسیم اور شاہدہ منی بھی موجود تھیں۔
تھیٹر، ثقافت کو غیراخلاقی بنانے والوں کا قبلہ درست کیا جائے گا: فیاض الحسن چوہان
Aug 30, 2018