سید والا: ڈاکوئوں کی صرافہ بازارمیں لوٹ مار ، فائرنگ سے صدر ایسوسی ایشن کے بیٹے سمیت2قتل، مقابلہ میں 4ڈاکو مارے گئے

Aug 30, 2018

سیدوالا + ننکانہ صاحب (نامہ نگاران) مین بازار سیدوالا میں مقامی صرافہ ایسوسی ایشن کے صدر کی دکان پر 6مسلح افراد کا حملہ، ملازمین پر وحشیانہ تشدد ، اندھادھند فائرنگ سے صدر صرافہ ایسوسی ایشن کا بیٹا ہلاک، مین بازار میں حملہ آوروں کی دو گھنٹہ تک اندھادھند فائرنگ تمام بازار بند، لوگوں نے چھپ کر جانیں بچائیں۔ بعد ازاں حملہ آور راوی چوک پر عمر حیات کی دکان میں داخل ہوئے اسے بھی گولی مار کر قتل کر دیا۔ بعد ازاں حملہ آور ایک مکان میں چھپ گئے اطلاع ملنے پر مقامی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ بعد ازاں پولیس اور حملہ آوروں کے درمیان فائرنگ کے تبادلہ میں چار ڈاکو بھی مارے گئے۔2 ڈاکوئوں نے ایک مکان میں پناہ لے لی جبکہ بقیہ دو ڈاکوئوں نے فیاض نامی شہری کے گھر میں داخل ہوکر اہل خانہ کو یرغمال بنا لیا۔ آخری اطلاعات تک ڈاکوئوں اور پولیس میں مقابلہ جاری تھا۔ پولیس کے مطابق حملہ آور جدید ترین اسلحہ اور ہینڈ گرنیڈوں سے مسلح ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ روز سہ پہر 5 بجے کے قریب مین بازار سیدوالا میں کلاشنکوفوں اور ہینڈ گرنیڈوں سے مسلح 6 حملہ آور مین بازار سیدوالا میں آئے، حملہ آور مقامی صرافہ ایسوسی ایشن کے صدر جوکہ جماعت احمدیہ کے مقامی سربراہ بھی ہیں کی دکان میں داخل ہوگئے حملہ آوروں نے دکان میں موجود تمام ملازمین پر زبردست تشدد کیا اور بشارت احمد کے بیٹے ظفر اللہ پر فائرنگ کر کے شدید زخمی کر دیا جو بعد ازاں ہسپتال منتقلی کے دوران دم توڑ گیا۔ بعد ازاں مین بازار میں دو گھنٹے تک فائرنگ کی جس میں تمام دکاندار اپنی دکانیں چھوڑ کر جانیں بچاتے ہوئے بھاگ گئے۔ بعد ازاں تمام حملہ آور فائرنگ کرتے ہوئے اپنے موٹر سائیکلوں پر راوی چوک سیدوالا کی طرف چلے گئے۔ شہریوں کے تعاقب پر حملہ آوروں نے عمر حیات نامی شخص کی دکان میں پناہ لینا چاہی مزاحمت پر فائرنگ کر کے اسے بھی موت کے گھاٹ اتار دیا اسی دوران اطلاع ملنے پر مقامی پولیس اور ایلیٹ فورس کے جوان حملہ آوروں کا تعاقب کرنے لگے۔ تعاقب کے دوران حملہ آور گرفتاری سے بچنے کیلئے کلاشنکوفوں سے فائرنگ کرتے رہے اور پولیس پر ہینڈ گرنیڈ بھی پھینکتے رہے، ایلیٹ فورس کے جوانوں کی فائرنگ سے چار حملہ آور مارے گئے جبکہ دو حملہ آوروں نے محلہ غازی آباد فیاض نامی شہری کے مکان میں داخل ہو کر پناہ لے لی اسی دوران پولیس کی بھاری نفری نے مکان کو گھیرے میں لے لیا حملہ آور وقفہ وقفہ سے پولیس پر فائرنگ کرتے رہے اور پولیس پر ہینڈ گرنیڈ بھی پھینکتے رہے۔ آخری اطلاعات تک دونوں حملہ آور اسی مکان میں موجود ہیں اور وقفہ وقفہ سے پولیس پر فائرنگ اور ہینڈ گرنیڈ پھینک رہے ہیں۔ مرنے والے ڈاکوئوں کے قبضہ سے پولیس کی وردیاں، متعد د کلاشنکوفیں، ہینڈ گرنیڈ اور گولیوں کے متعد د کارٹون بھی برآمد ہوئے ہیں۔

مزیدخبریں