بلدیاتی اداروں کو حقیقی معنوں میں اختیارات منتقل کرینگے : عثمان بزدار

لاہور (خبرنگار) وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے امریکی قونصل جنرل کولین الزبتھ کرینویلگی نے ملاقات کی۔ امریکی قونصل جنرل نے عثمان بزدار کو مبارکباد دی اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور ، سماجی شعبوں کی ترقی اور مختلف سیکٹرز میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو میں کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کئی دہائیوں پر مشتمل ہیں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھی دونوں ملکوں میں شراکت داری رہی ہے۔ دہشت گردی کا ناسور ایک عالمی مسئلہ بن چکا ہے۔ پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ عوام نے تبدیلی کیلئے ووٹ دئیے ہیں اور ہم وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نیا پاکستان بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔ہم نے چیلنجز کا مقابلہ کرتے ہوئے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرنا ہے کیونکہ ہمارا ایجنڈا صرف کام، کام اور کام ہے۔ جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کیلئے تحریک انصاف کی حکومت نے کمیٹی قائم کر دی ہے۔بلدیاتی اداروں کو بھی حقیقی معنوں میں نچلی سطح تک اختیارات منتقل کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ امریکہ کے ساتھ سماجی شعبہ کی ترقی کیلئے تعاون کو فروغ دیں گے۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار سے ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل اظہر نوید حیات نے ملاقات کی۔ عثمان بزدار نے قیام امن اور سرحدوں کی حفاظت کیلئے رینجرز کے افسروں اورجوانوں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ملکی دفاع اورامن وامان کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے رینجرز کے افسروں اور جوانوں کی خدمات لائق تحسین ہیں۔ سکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دے کر نئی تاریخ رقم کی ہے اور ان عظیم قربانیوں کی دنیا کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے اور دشمن پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سے یہاں آل پاکستان نیوز پیپرزسوسائٹی کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت سوسائٹی کے سیکرٹری جنرل سید سرمد علی کررہے تھے ۔ ملاقات میں اخباری صنعت کو درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ عثمان بزدارنے وفد سے گفتگو میں کہا کہ عوام کوریلیف اورسہولتیں فراہم کرنا ہمارا مشن ہے ۔پسماندہ علاقوں کو ترجیحی بنیادوں پر ترقی دیںگے اورترقی یافتہ علاقوں کی ترقی کا تسلسل برقرار رکھیںگے۔ دن رات کام کر کے عوامی خدمت کی نئی مثال قائم کریںگے۔ میری ٹیم پرعزم اورمحنتی ہے، انشاء اللہ ڈلیورکریںگے۔ میڈیا سے رہنمائی حاصل کرتے رہیںگے۔ اخباری صنعت کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات کریںگے۔ صوبے میں صحافتی اکیڈمی کے قیام کا جائزہ لیا جائے گا۔ مستقبل میں بھی میڈیا سے قریبی رابطہ رکھا جائے گا۔ اے پی این ایس کے وفد نے وزارت اعلی کامنصب سنبھالنے پر سردار عثمان بزدار کو مبارکباد دی۔ سیکرٹری جنرل اے پی این ایس سید سرمد علی نے کہا کہ امید ہے کہ آپ دور میں حکومت اورپریس کے تعلقات مزید فروغ پائیںگے۔ وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں محرم الحرام کی آمد کے پیش نظر عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے کیے جانے والے اقدامات ، ڈینگی سے نمٹنے کے حوالے سے انتظامات اورشجر کاری مہم کا جائزہ لیاگیا۔وزیراعلیٰ نے محرم الحرام کے دوران عوام کے جان و مال کے تحفظ اورامن و امان کے قیام کیلئے فول پروف انتظامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران پرامن فضا کے قیام کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے، گزشتہ برسوں سے بڑھ کر سکیورٹی انتظامات کئے جائیں۔ اشتعال انگیز تقاریر کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ قیام امن کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر توانائیاں اور صلاحیتیں بروئے کار لائی جائیں۔ صوبے میں قانون کی عملداری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ ڈینگی لاروے کیلئے اعلی معیار کا سپرے استعمال کیا جائے اوراس ضمن میں کاغذی کارروائی نہیں چلے گی۔ گرین پاکستان تحریک انصاف کا ایجنڈا ہے ،لہذا گرین پاکستان کے لئے شجرکاری مہم کو کامیاب بنایا جائے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ نے محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی اور انسپکٹر جنرل پولیس نے پنجاب پولیس کی جانب سے کئے گئے انتظامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ عثمان بزدارنے بھارتی جیلوں میں 40 سال قید رہنے والے سپاہی مقبول حسین، صحافی مجاہد شیخ کی والدہ، سابق چیف سیکرٹری خضر حیات گوندل کی اہلیہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے۔ضلع کونسل ڈیرہ غازی خان کے اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان خان بزدار کے حق میں قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی۔ قرارداد میں سردار عثمان خان بزدار کو وزیراعلیٰ پنجاب کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی گئی، جس میں کہا گیا کہ ضلع کونسل ڈیرہ غازی خان کا ایوان وزیراعلیٰ سردار عثمان خان بزدار کو اپنی بھرپور تعاون اور حمایت کا یقین دلاتا ہے اور یہ ایوان سمجھتا ہے کہ وزیراعلیٰ صوبہ کے عام آدمی کے مسائل، غربت، پسماندگی، صحت، بے روزگاری جیسے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور وزیراعلیٰ عثمان خان بزدار جنوبی پنجاب کے علاقوں کی ترقی اور عوام کے مسائل کے حل کیلئے خاطرخواہ اقدامات کریں گے۔ قرارداد وائس چیئرمین وکنوینر سردار جاوید خان قیصرانی نے پیش کی۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...