علماومشائخ اجلاس ، کل یوم تحفظ ناموس رسالتﷺ منایا جائیگا

Aug 30, 2018

کراچی(نیوز رپورٹر) شبان غرباء اہلحدیث پاکستان کے ناظم و اسلامی یک جہتی کونسل کے رہنما علامہ عبدالخالق فریدی نے کہا ہے کہ امیر المؤمنین خلیفۂ راشد سیدنا عثمان ذوالنورین رضی اللہ عنہ کاتب وحی اور ناشر قرآن تھے آپؓ حضور پاک ﷺ پر ایمان لانے والے چوتھے فرد تھے اور آپؓ وہ واحد ہستی ہیں جن کے نکاح میں کسی پیغمبر کی دوبیٹیاں یکے بعد دیگرے آئی ہوں اسی وجہ سے آپؓ کا لقب ذوالنورین یعنی دو نوروں (روشنیوں)والا ہے یوم شہادت سیدنا عثمان ذوالنورین رضی اللہ عنہ کے موقع پر مرکز شبان میں منعقدہ علما و مشائخ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ سیدنا عثمان غنی ؓ شرم و حیا کے پیکر تھے آپ ؓ نے متعدد مرتبہ نادار اور مجبور مسلمانوں کے لئے اپنا مال بغیر کسی قیمت کے فی سبیل اللہ خرچ کیا انہوں نے مزید کہا کہ سیدنا عثمان ذوالنورین رضی اللہ عنہ نے اپنے 12سالہ دور خلافت میں کئی ممالک فتح کرکے خلافت اسلامیہ میں شامل کئے تھے اجلاس میں ایک متفقہ قرارداد کے ذریعے کل(جمعہ) 31اگست کو یوم تحفظ ناموس رسالتﷺ منانے اور اس سلسلے میں مساجد میں خطبہء جمعہ کے دوران گستاخانہ خاکوں ، ملعون گیرٹ ولڈر اور ہالینڈکے خلاف مذمتی قرادادیں منظور کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ۔ علاوہ ازیں ایک اعلامئے کے مطابق علامہ عبدالخالق فریدی مسجد رحمان ناظم آباد ہادی مارکیٹ میں نماز جمعہ پڑھائیںگے اور خطبہ جمعہ بھی دیں گے جس میں گستاخانہ خاکوں کے خلاف مذمتی قراداد پیش کریں گے۔ نماز جمعہ کا خطبہ ٹھیک ایک بجے شروع ہوگا۔

مزیدخبریں