نیویارک(اے پی پی ) راجر فیڈرر، نوویک جوکووچ، کائی نیشکوری، جائلز مونفلس اور فوگنینی یو ایس اوپن مینز سنگلز دوسرے رائونڈ میں پہنچ گئے۔ امریکہ میں جاری میگا ایونٹ میں مینز سنگلز پہلے رائونڈ میچز میں شہرہ آفاق چیمپئن راجر فیڈرر نے جاپانی کھلاڑی یوشیتو نیشیوکا کو 6-2، 6-2 اور 6-4 سے ہرا کر دوسرے رائونڈ میں جگہ بنائی، سربین سٹار اور نوویک جوکووچ نے ہنگری کے مارٹن کو سخت مقابلے 6-3، 3-6، 6-4 اور 6-0 سے ہرا کر دوسرے رائونڈ کیلئے کوالیفائی کیا، جاپانی کھلاڑی کائی نیشکوری نے مارٹرر کو شکست فاش سے دوچار کیا، فرانسیسی کھلاڑی جائلز مونفلس نے ارجنٹائنی کھلاڑی بیگنس کو ہرا کر ایونٹ سے باہر کر دیا۔ ماریا شرا پووا، یوجینی بوچارڈ، سینیاکووا اور میڈیسن کیز یو ایس اوپن ویمنز سنگلز دوسرے رائونڈ میں پہنچ گئیں۔ ویمنز سنگلز پہلے رائونڈ میچز میں روس کی گولڈن گرل ماریا شرا پووا نے حریف سوئس کھلاڑی پیٹی سکینڈر کو سخت مقابلے کے بعد ٹائی بریک پر 6-2 اور 7-6 سے ہرا کر دوسرے رائونڈ میں جگہ بنائی، کینیڈین سٹار یوجینی بوچارڈ بھی پہلا مرحلہ عبور کرنے میں کامیاب رہیں، انہوں نے فرانسیسی کھلاڑی ہارمونی تان کو سٹریٹ سیٹس میں شکست فاش سے دوچار کیا، سینیاکووا نے کونتا ویت کو ہرا کر ایونٹ سے باہر کر دیا، امریکن کھلاڑی میڈیسن کیز نے فرانسیسی کھلاڑی پارمنٹائر کو زیر کر کے دوسرے رائونڈ تک رسائی حاصل کی۔
یوایس اوپن: فیڈرر، جوکووچ، شراپووا اور بوجارڈکی پیشقدمی
Aug 30, 2018