اسلام آباد( جنرل رپورٹر) پیپلزپارٹی کے سینئر راہنما اور سینٹ کے سابق چیئرمین میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ پاکستان میں مزدور اور محنت کش طبقے کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے عام آدمی خوشحال ہو گا تو ملک ترقی کرے گا لیکن افسوس کی بات ہے کہ یہاںسامراجی قوتوںنے ہمیشہ مزدور کی طاقت کو ختم کرنے کی کوشش کی ہے کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ پاکستان میں آمریت اور لوٹ کھسوٹ کے سرمایہ دارانہ نظام کیخلاف اور جمہوری حقوق کیلئے جب بھی تحریک چلی اُس کا ہراول دستہ پاکستان کے مزدور ہی ہوں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز محنت کشوں کی وفاقی تنظیم آل پاکستان ورکرز کنفیڈریشن (رجسٹرڈ) کے زیراہتمام نیشنل پریس کلب کے آڈیٹوریم میں ’’قومی لیبر کانفرنس‘‘ سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا،کانفرنس سے چیئرمین ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان آئی اے رحمان، کنفیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اور بزرگ مزدور راہنما خورشید احمد،مرکزی صدر روبینہ جمیل ، چیئرمین یوسف بلوچ، عبداللطیف نظامانی ، حاجی رمضان اچکزئی، حاجی گوہر تاج ، اکبر علی خان، اْسامہ طارق، کرامت حسین، نیاز خان، خوشی محمد کھوکھر،سعید گجر، چوہدری محمد انور گجر، حسن محمد رانا،جاوید ا قبال بلوچ ،حاجی ظاہر گل ، محمد اکرم بندہ، چوہدری محمد فیاض، صلاح الدین ایوبی ودیگر مزدور راہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔ کانفرنس میں واپڈا، ریلوے، پی ڈبلیو ڈی، ٹیلی کمیونیکیشن، انجینئرنگ، پی ٹی وی، نیشنل بینک، زرعی بینک، بینکنگ فیڈریشن،کراچی پورٹ ٹرسٹ، اری گیشن، کوکا کولا، فرٹیلائزر،ٹیکسٹائل فیڈریشن سمیت ملک بھر سے کنفیڈریشن سے ملحقہ130سے زائد ٹریڈ یونینز کے سینکڑوں نمائندگان نے شرکت کی۔