لاہور(سپورٹس ڈیسک )بھارت کے ایک سابق کرکٹر کا نام بھی فکسنگ معاملے میں سامنے آگیا۔اینٹی کرپشن یونٹ کے سربراہ بی بی مشرا نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ ورلڈ کپ 2011 کی فاتح ٹیم کا ایک سینئر کھلاڑی بھی شکوک کی زد میں رہا، اس پر-09 2008ء میں ایک بکی سے رابطے کا الزام تھا۔کمیٹی آف ایڈمنسٹریٹرز کے سربراہ ونود رائے نے بتایا کہ ہم نے اس بارے میں اینٹی کرپشن یونٹ کو نہ صرف تحقیقات کا کہہ دیا بلکہ عدالت سے بھی درخواست کی ہے کہ اس کے پاس کرپشن تحقیقات کی جو رپورٹ موجود ہے وہ بورڈ کو دی جائے تاکہ کارروائی کو آگے بڑھایا جائے۔انہوں نے کھلاڑی کا نام صیغہ راز میں رکھنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ تحقیقات میں مشکلات کا سامنا نہ کرناپڑے ۔ امکان ہے کہ جیسے جیسے کارروائی آگے بڑھے گی اور شواہد ملیں گے تو کھلاڑی کا نام بھی منظر عام پر لایا جائے گا۔ گزشتہ دنوں الجزیرہ ٹی وی نے بھی آسٹریلوی کھلاڑیوں کے بکیز سے رابطوں کے حوالے سے رپورٹ جاری کی تھی جس کے بعد کرکٹ آسٹریلیا اور آئی سی سی نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے ۔ ویڈیو کا کچھ حصہ دکھایا گیا ہے جس کے بعد ابھی ویڈیو مزید خفیہ رکھی گئی ہے جسے کسی بھی وقت دکھایا جاسکتا ہے ۔ سری لنکا کرکٹ اینٹی کرپشن یونٹ نے ڈومیسٹک ٹی ٹونٹی لیگ کے دوران میچ فکسنگ کے الزامات کے تحت 2بھارتی شائقین کو گرفتار کرلیا۔دونوں شائقین میچ کے دوران موبائل فونزپر مسلسل گفتگو کرر ہے تھے کہ پکڑے گئے ۔حکام کے مطابق ہم نے دو بھارتی شائقین کومشکوک گفتگو کرتے ہوئے دیکھا جس کے بعد پولیس کی مدد سے گرفتار کرلیا ۔ پولیس دونوں سے تفتیش کر رہی ہے۔ دریں اثنا سری لنکا کرکٹ بورڈ نے اپنے کھلاڑیوں کو نیا فکسنگ الرٹ جاری کردیا۔اس وقت ملک میں مقامی ٹونٹی 20 ٹورنامنٹ جاری اور اس میں کئی مشکوک افراد کو گرائونڈ سے بے دخل کیا جا چکا ہے، ان میں بھارتی باشندے بھی شامل ہیں، کھلاڑیوں کو پہلے بھی خبردار کیا گیا تھا کہ وہ کسی بھی مشکوک رابطے کو فوری رپورٹ کریں اور ایک بار پھر الرٹ جاری کیا گیا ہے۔