مظفر آباد ( صباح نیوز) حزب المجاہدین کے سپریم کمانڈر سید صلاح الدین نے کہا ہے کہ کشمیری قوم کے اصل ہیرو وہی ہیں جو اپنا سر ہتھیلی پر رکھ کر دشمن کا مقابلہ کرکے اپنی عزیز جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار حزب المجاہدین کے سپریم کمانڈر سید صلاح الدین نے اپنے ایک خطاب میں اسلام آباد میں بھارتی فوج کے ساتھ بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے شہید کمانڈر الطاف احمد ڈار اور عمر راشد وانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ کشمیری قوم کے اصل ہیرو وہی ہیں جو اپنا سر ہتھیلی پر رکھ کر دشمن کا مقابلہ کرکے اپنی عزیز جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہیں۔ ہم کسی صورت بھی اپنے ان سرفروشوں کو نہیں بھول سکتے جو اپنا آج قوم کے کل پر قربان کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قوم کی مظلومیت و محکومیت ختم کرنے کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کی قربانیوں کی لاج رکھی جائے گی اور اس بھاری ذمہ داری کو نبھانے کے حصول تک جدوجہد ہر صورت جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کا یہ گرم لہو ایک دن ضرور انقلاب برپا کرے گا اور غلامی کا دور اپنے اختتام کو پہنچ جائے گا۔ ڈپٹی سپریم کمانڈر سیف اللہ خالد اور فیلڈ آپریشنل کمانڈر محمد بن قاسم نے بھی شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔
جان ہتھیلی پر رکھ کر دشمن کا مقابلہ کرنیوالے کشمیریوں کے اصل ہیرو ہیں:صلاح ا لدین
Aug 30, 2018