پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم عمران خان اقتدار سنبھالنے کے بعد پہلی بار پاک فوج کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات ہوئی. آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم کا جی ایچ کیو پہنچنے پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے استقبال کیا۔ وفاقی وزرا، خارجہ، دفاع، اطلاعات، خزانہ اور وزیر مملکت برائے داخلہ بھی وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ تھے۔ اعلیٰ فوجی حکام نے انہیں اندرونی اور بیرونی دفاعی امور پر بریفنگ دی. وزیراعظم کو خطے کی سکیورٹی بالخصوص افغانستان کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی، پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے کے عمل اور ایل او سی کے متعلق بھی بریف کیا گیا۔ وزیرِاعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کچھ روز قبل پہلی باضابطہ ملاقات کی جس میں اتفاق کیا گیا کہ خطے میں امن کی کوششوں کو جاری رکھا جائے گا۔ آرمی چیف نے وزیرِاعظم کو دہشتگردوں کے خلاف جاری آپریشنز پر بریف کیا تھا.