لاہور (خصوصی نامہ نگار)خیابان چورہ شریف کے زیراہتمام پیغام پاکستان اور یکجہتی کشمیر کانفرنس میں کہاگیا ہے کہ ریاست جہاد کا اعلان کرے، علماء و مشائخ کشمیر اور خالصتان کی آزادی کا یقین دلاتے ہیں، درگاہوں سے وابستہ کروڑوں افراد افواج پاکستان کے شانہ بشانہ لڑیں گے، کشمیرپر ابھی نہیں تو کبھی نہیں کی سوچ اپنانے کی ضرورت ہے۔ سجادہ نشین چورہ شریف پیر سیدکبیر علی شاہ کے زیر صدارت خیابان چورہ شریف میں ہونیوالی کانفرنس میں کرامت علی کھوکھر، ملک جہانگیر بارا، بریگیڈیئر ریٹائرڈ شفیع غازی، بریگیڈئر ریٹائرڈ محمد الیاس، کرنل ریٹائرڈ فرخ، حافظ کاظم رضا، سید مستجاب علی شاہ، سید احمد فاروق شاہ، سید ضیاء الحسن شاہ، محمد نواز کھرل، حنیف قمر، علامہ عمران آسی، سکھ رہنما سردار ترلوک ڈھلوں، مسیحی رہنما جیمز چنن، مخدوم عاصم، پیر اختر علی بدر چشتی، سید سعادت علی گیلانی، سید احمد مصطفین گیلانی، علامہ اصغر عارف چشتی سمیت پاک فوج کے ریٹائرڈ افسران، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، حکومت اوراپوزیشن جماعتوں کے نمائندگان، صوبہ بھر سے درگاہوں کے گدی نشین، علماء و مشائخ اورمفتیان کرام نے شرکت و خطاب کیا۔ پیغام پاکستان اور یکجہتی کشمیر کانفرنس کے متفقہ اعلامیہ میں کہاگیا کہ کشمیر کانفرنس کے شرکاء مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال اور مقبوضہ وادی میں بھارت کی بڑھتی ہوئی دہشت گردی پر سخت تشویش کا اظہارکرتے ہوئے آرٹیکل 370کو منسوخ کرکے کشمیرکی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بھارتی اقدام کومستردکرتے ہیں کیونکہ یہ اقدام شملہ معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔ اقوام متحدہ اور عالمی برادری بھارت کو 370کی منسوخی کا فیصلہ واپس لینے پر مجبورکرے اور بھارتی سپریم کورٹ اس اقدام کو کالعدم قراردے۔ کشمیر کانفرنس کے شرکاء مقبوضہ کشمیر میں پچیس روز سے جاری مسلسل کرفیو، حریت رہنمائوں کی بلاجواز گرفتاریوں، تعلیمی اداروں کی بندش، کشمیریوں کی نسل کشی کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کرتے ہیں کہ عالمی برادری کرفیو کے خاتمے کیلئے بھارت پر دبائو ڈالے کیونکہ کرفیو کی وجہ سے بارہ لاکھ سے زائد افراد ادویات اور خوراک سے محروم ہوکر گھروںمیں محصورہیں۔ کرفیو ختم نہ ہوا تو کوئی بڑا انسانی المیہ جنم لے سکتاہے۔ اقوام متحدہ امن فوج کو کشمیرمیں بھیج کر مظلوم اور محکوم کشمیریوں کو بھارتی فوج کے ظلم و ستم سے نجات دلائے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل خود مقبوضہ کشمیر کا ہنگامی دورہ کریں۔ اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر پر اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کیلئے اقدامات کرے ۔ مسئلہ کشمیر حل نہ ہوا تو دو ایٹمی ممالک میں جنگ کے خدشات عملی شکل اختیارکرسکتے ہیں۔ انسانی حقوق کے عالمی اداے مقبوضہ کشمیرمیں وسیع پیمانے پر ہونیوالی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں ۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سجادہ نشین چورہ شریف پیر سیدکبیر علی شاہ نے کہاکہ ریاست جہا د کا اعلان کرے، ہم یقین دلاتے ہیں کہ ملک بھر کے علماء و مشائخ ناصرف کشمیر کوآزاد کرائیں گے بلکہ خالصتان کو بھی آزاد کرائیں گے، کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ہم کنٹرول لائن پر جائیں گے ، جہاد تو ہمارے خون میں شامل ہے ہمیںکسی چیز کا خوف نہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہر پاکستانی کشمیریوں کے لہو کا مقروض ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ یہ قرض اتارا جائے، انہوںنے کہاکہ ریاست نے جہاد کا اعلان کیا تو ہم ملک بھر سے اپنے لاکھوں عقیدت مندوں کے ساتھ پاک فوج کے ساتھ محاذ جنگ پر نظر آئیں گے۔ پاکستان سے اللہ تعالیٰ نے بڑے بڑے کام لیناہیں‘قیادت کشمیریوں کے حق میںجہاد کا اعلان کرے ہم نعرہ تکبیر بلندکرتے ہوئے سرحد پار جانے کیلئے بے چین بیٹھے ہیں۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دیگر مقررین کا کہنا تھا کہ حکومت ستمبر میں ہونیوالی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اہم اجلاس میں پوری تیاری کے ساتھ مسئلہ کشمیر دنیا کے سامنے پیش کرے۔ حکومت مسئلہ کشمیر پر عالمی حمایت حاصل کرنے اور عالمی رائے عامہ کو ہموار کرنے کیلئے سفارتی وفود دنیا بھرمیں بھیجنے کا اہتمام کرے‘ مشترکہ اعلامیہ میں بھارتی ڈراموں اور فلموںکی پاکستان میں نمائش کو سختی سے روکنے اور بھارتی مصنوعات کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا۔ ساتھ ہی یہ بھی مطالبہ کیاگیا کہ بھارت کیلئے پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنے پر پابندی لگائے جائے۔ مسلم ممالک بھارت کا تجارتی و سفارتی بائیکاٹ کرکے اسے مسئلہ کشمیر حل کرنے پر مجبورکریں۔ عرب ممالک کشمیریوں کے قاتل مودی کو دیاگیا ایوارڈ واپس لیں کیونکہ مودی جیسے اسلام دشمن شخص کو ایوارڈ دینا کشمیری شہدا کے خون سے غداری ہے۔ بھارت حریت رہنمائوں کو رہا کرے، کرفیو کا خاتمہ اور ٹارچر سیلوںمیں قید کشمیری نوجوانوں کو بازیاب کرایاجائے۔ مقبوضہ کشمیر میں ادویات اور خوراک پہنچانے کا بندوبست کیا جائے۔ تعلیمی اداروں کو کھولا اور انٹرنیٹ سروس بحال کی جائے۔ عالمی طاقتیں کنٹرول لائن کے قریب رہنے والے کشمیریوں کو تحفظ فراہم کریں۔سجادہ نشین چورہ شریف پیر سیدکبیر علی شاہ نے آج ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر کی مساجد میں کشمیر کے موضوع پر خطبات جمعہ دئیے جائیں گے اور جمعہ کے اجتماعات میں بھارت کیخلاف مذمتی قراردادیں منظور کی جائیں گی۔ نماز جمعہ کے بعد ہر مسجد کے نمازی باہر نکل کر کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں گے۔
آزادیٔ کشمیر کیلئے ریاست جہاد کا اعلان کرے:پیر کبیرعلی شاہ
Aug 30, 2019