پوری قوم آج کشمیر آور منارہی ہے جس کا مقصد مقبوضہ جموں کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یکجہتی کشمیر آور دن بارہ سے ساڑھے بارہ بجے تک منایا جائے گا اس دوران ملک بھر میں سائرن بجا ئے جائیں گے جس کے بعد پاکستان اور پھر آزاد جموں وکشمیر کا قومی ترانہ بجایا جائے گا۔
قومی ترانوں کے احترام میں تمام گاڑیاں اور لوگ اپنی اپنی جگہوں پر کھڑے ہوجائیں گے۔
کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے وزیراعظم وزرائے اعلی اور ارکان پارلیمنٹ اپنے متعلقہ سیکرٹریٹ اور دفاتر کی عمارتوں کے باہر جبکہ ملک بھر میں لوگ اپنے دفاتر مکانات مارکیٹوں اور تجارتی مراکز کے باہر جمع ہوں گے۔
نمازجمعہ کے بعد کشمیر کے عوام کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔
حق خودارادیت کے حصول کے لئے جدوجہد کرنے والے کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کیلئے آج ملک بھر میں ریلیاں اور احتجاجی مظاہرے کئے جا رہے ہیں۔
مقررین بھارتی فورسز کے ہاتھوں بے گناہ کشمیریوں پر ہونے والے مظالم اجاگر کریں گے۔