لاہور (سٹاف رپورٹر) چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے احتساب بیورو لاہور کا دورہ کیا جہاں پر ڈائریکٹر جنرل شہزاد سلیم نے میگا کرپشن اور وائٹ کالر کرائم کے مقدمات جو نیب لاہور میں زیرِ تحقیقات ہیں ان کے بارے میں بریفنگ دی۔ چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے کہا کہ ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ خصوصاً میگا کرپشن کے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا نیب کی اولین ترجیح ہے جس کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ نیب لاہور کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیب قومی ادارہ ہے جس کے افسر، اہلکاران ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ اور بدعنوان عناصر سے قوم کی لوٹی گئی دولت برآمد کر کے قومی خزانہ میں جمع کرانا، خصوصا ہائوسنگ سوسائٹیوں کے متاثرین کی ڈوبی ہوئی رقوم کی واپسی کے لئے قومی فریضہ سرانجام دے رہے ہیں۔ نیب نے گذشتہ20 ماہ میں قوم کے تقریبا71ارب روپے بلواسطہ اور بلا واسطہ طور پر بدعنوان عناصر سے برآمد کر کے قومی خزانے میں جمع کرائے ہیں جو ریکارڈ کامیابی ہے۔
نیب لاہور کا دورہ‘ چیئرمین احتساب بیورو کو میگا کرپشن مقدمات پر بریفنگ
Aug 30, 2019