سلامتی کونسل امن مشنز میں خواتین کی تعداد بڑھانے کی قرارداد منظور

Aug 30, 2020

نیویارک (نمائندہ نوائے وقت)اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اپنے امن مشنز میں فوجی اور سویلین پوزیشنوں کے لیے زیادہ خواتین کی تعیناتی کو یقینی بنانے کے لیے متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کر لی ہے۔ قرارداد کے مسودے میں امن مشنز میں خواتین کے کردار کو بھی سراہا گیا۔ اقوام متحدہ کے تمام 193 رکن ممالک پر زور دیا گیا ہے کہ وہ مشنز میں صنفی مساوات کو یقینی بنائیں۔ اس وقت اقوام متحدہ کے مشنز میں عورتوں کا تناسب صرف 6 فیصد ہے۔ پانچ سال قبل منظورکردہ ایک قرارداد کے تحت 2028 تک اقوام متحدہ کے تمام عسکری و امن مشنز میں عورتوں کا تناسب15 فیصد ہونا چاہیے۔سلامتی کونسل نے لبنان میں تعینات امن دستوں میں کٹوتی کی منظوری دے دی ۔ اس ضمن میں گزشتہ روز متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کی لی گئی۔ امریکی دباؤ میں فرانس کی جانب سے پیش کردہ اس قرارداد کے تحت امن دستوں کی تعداد 15 ہزار سے کم کر کے 13 ہزار کر دی جائے گی۔ قرارداد کے مسودے میں لبنانی حکومت سے یہ مطالبہ بھی کیا گیا لبنان اور اسرائیل کے مابین سرنگوں کی تفتیش کے لیے اقوام متحدہ کے تفتیش کاروں کو مطلوبہ مقامات تک رسائی دی جائے۔ قرارداد کے مسودے میں لبنان میں سرگرم گروپ حزب اللہ کی سرگرمیوں کے حوالے سے امریکی و اسرائیلی تحفظات کا بھی تذکرہ ہے۔

مزیدخبریں