لاہور (خصوصی نامہ نگار) قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے منہاج القرآن علماء کونسل کے زیراہتمام مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ ’’شہادت امام حسینؓ اور اتحاد امت کانفرنس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کربلا میں شہادت امام عالی مقام کو نفس انسانی کے قتل کے دائرے میں نہیں دیکھا جا سکتا بلکہ نواسہ رسول امام علی مقام کو شہید کر کے رسول پاکؐ کو اذیت پہنچائی گئی۔ معرکہ کربلا دو فلسفوں کا ٹکراؤ ہے۔ ایک طبقہ کہتا ہے کہ طاقت ہی حق ہے اس کا ساتھ دو جبکہ دوسرا طبقہ کہتا ہے کہ حق ہی طاقت ہے اس کا ساتھ دو۔ طاقت کو حق ماننا یزیدیت اور حق کو طاقت ماننا حسینیت ہے۔ معرکہ کربلا انسانیت اور بربریت، امانت اور خیانت، عدل اور ظلم، صبر اور جبر، وفاء اور جفا، مساوات ایمانی اور مطلق العنانی کے درمیان جنگ تھی۔ کانفرنس میں مولانا عبدالخبیر آزاد، مفتی خلیل احمد، علامہ ضیاء اللہ شاہ بخاری امیر متحدہ جمعیت اہل حدیث، علامہ کاظم رضا پرنسپل جامع القرآن و اہل بیت، پیر زادہ برہان الدین احمد سیکرٹری جنرل علماء مشائخ رابطہ کونسل جماعت اسلامی، علامہ مفتی امداد اللہ خان صدر منہاج القرآن علما کونسل، علامہ میر آصف اکبر قادری سیکرٹری جنرل منہاج القرآن علما کونسل سمیت علماء و مشائخ کی بڑی تعداد موجود تھی۔