اسلام آباد ( نوائے وقت نیوز) چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ یوم عاشور کے مقدس ایام تمام مسالک اور مکاتب فکر کے لیے یکساں اہمیت کے حامل ہیں جو ہمیں آپس میں باہمی احترام و محبت، برداشت اور رواداری کا درس دیتے ہیں۔ اپنے ایک تحریری پیغام میں راناتنویر حسین نے کہا کہ یوم عاشور ہمیں اسلام کی خاطر حضرت امام حسینؓ ا ؑ کی دی گئی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جو ہمارے لیے مشعل راہ ہیں۔ انہوںنے کہا کہ امام حسینؓ اور ان کے رفقاء کی عظیم قربانی کو مد نظر رکھتے ہوئے آج ہمیں آسودہ شبیری پر عمل پیرا ہونے کی اشد ضرورت ہے۔ یوم عاشور ہمیں صبر و برداشت، حق گوئی کے لیے ظلم کے سامنے ڈٹ جانے اور مشکلات کا مقابلہ کرنے کا پیغام دیتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ امام عالی مقام نے دنیا کو یہ سبق دیا کہ حریت ایک بنیادی حق ہے، حق کی حفاظت اپنی زندگی سے ذیادہ ضروری ہے۔ شہدائے کربلا نے میدان کربلا میں لازوار قربانیاں پیش کیں جس کی تاریخ عالم میں کوئی مثال نہیں۔ چیئرمین پی اے سی نے کہا کہ 10محرم الحرام کے روز حق و باطل کے درمیان وجہ جنگ لڑی گئی جو قیامت تک مسلمانوں کو ظلم و بربریت کے خلاف جہاد کرنے کا درس دیتی ہے۔ انہوںنے کہا کہ یوم عاشور کے موقع پر ہمیں اپنی زندگیوں کو حقیقی معنوں میں حضرت امام حسین ؓ کی روشن تعلیمات کے مطابق عمل پیرا ہونے کا اعادہ کرنا چایئے۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ یوم عاشور کے دوران کورونا وائرس سے بچنے کے لیے حفاظتی تدابیر پر عمل جاری رکھا جائے اور مجالس اور جلوسوں کے دوران ضوابط عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔انہوںنے کہا کہ ملکی حالات کے پیش نظر ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد کی اشد ضرور ت ہے تا کہ محرم الحرام کے دوران امن عامہ کی صورتحال خراب نہ ہو سکے۔
یوم عاشور باہمی احترام و محبت، رواداری کا درس دیتا ہے :رانا تنویر
Aug 30, 2020