اسلام آباد (نیوز رپورٹر/ اے پی پی) بین الپارلیمانی یونین کی صدر گیبریلا کیووس بیرن پاکستان کا دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپس چلی گئیں۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق سینیٹر برائے مہمان دار ی سینیٹر مرزا محمد آفریدی اورسینیٹ کے اعلیٰ حکام نے آئی پی یو کی صدر کو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر الوادع کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ مجھے پاکستان آ کر بڑی خوشی ہوئی۔ میں پاکستانی ثقافت اور مہمان نوازی کی یادیں ساتھ لے کر جارہی ہوں، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں، گوادر، لاہور،مری اور دیگر مقامات اپنی ایک تاریخی اہمیت رکھتے ہیں۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ آئی پی یو کی صدر نے دورہ کے دوران صدر مملکت، وزیراعظم، چیئرمین سینیٹ،سپیکر قومی اسمبلی اور دیگر اعلیٰ سطح پر ملاقاتیں کیں اور صدر آئی پی یو نے لاہور، گوادر، منگلا ڈیم اور مری کا دورہ بھی کیا۔آئی پی یو کی صدر نے پاکستانی ثقافت،مہمان نوازی اور سماجی قدروں کی تعریف کی۔ائرپورٹ پر سینیٹر برائے مہمان داری سینیٹر مرزا محمد آفریدی نے آئی پی یو کی صدر کو دورے سے متعلق تصاویر کی البم بھی پیش کی۔
پاکستان میں سیاحت، سرمایہ کاری، اقتصادی تعاون کے وسیع مواقع، گیبریلا بیرن
Aug 30, 2020