کراچی+ لاہور ( نوائے وقت رپورٹ+ خصوصی نامہ نگار) سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ نواسہ رسول امام عالی مقام شہید کربلا حضرت امام حسینؓ کا باطل کے خلاف بلند کیا ہوا علم بلند حوصلہ کے ساتھ سربلند رکھیں گے،ہر طرح کا جبر برداشت کریں گے مگر وقت کے کسی باطل کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے۔ سابق صدر نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ نے اپنے خاندان کی قربانی دیکر حق اور صداقت کو فتح مند کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ دین اسلام کو زندہ رکھنے کیلئے بی بی زینب سلام اللہ علیہا کا عظیم اور بے مثال کردار ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ شہداء کربلا کی عظیم قربانی انسانیت کو بیدار کرنے کا وسیلہ ہے۔آصف زرداری کا کہنا تھا کہ امام حسینؓ ساری کائنات کے عظیم ہیرو ہیں یہی وجہ ہے ہر مذہب اور عقیدے والے انہیں حق اور صداقت کا علمبردار تسلیم کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہم امام عالی مقام کے پیروکار ہونے پر فخر اور اعزاز سمجھتے ہیں اور عہد کرتے ہیں کہ وقت کے کسی باطل کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے۔ ہمیں ان عناصر کو شکست دینی ہوگی جو مذہب کی آڑ انسانیت کو پامال کرتے ہیں، میدان کربلا میں یزیدیت کو بے نقاب کرنے والے نواسہ رسولؐ کی قربانی ہمارے لیئے مشعل راہ ہے۔ آل رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا تعین کیا ہوا راستہ انسانیت کی بیداری کا راستہ ہے۔ مو لا نا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ حضرت حسین اور شہدائے اسلام کو خراج عقیدت پیش کرنے کا سب سے بہترین طریقہ یہ ہے کہ آج ہم یہ عہد کریں کہ ہم اپنی زندگیوں کو ان کی تعلیمات کی روشنی میں حقیقی طور پر ڈھالنے کی کو شش کرتے رہیں گے اور دین اسلام کے نفاذ کے لیے جدوجہد جاری رکھتے ہوئے وطن عزیز کوناکام اور لادین ریاست بنانے کی ہر سازش کا ہر محاذ پر مقابلہ کریں گے۔آج کے دن قوم باطل نظام کے خلاف متحد اور متفق ہوکر مسلسل جدوجہد کرنے کا عزم کرے۔ اسلام کے حقیقی تصور اور روح کو مسخ کر نے والی باطل قوتوں کے مذموم عزائم کو نا کام بنا نے کے لیے ہم ایک ہیں۔ حضرت حسین اور شہدائے اسلام کی زندگیاں امت مسلمہ کے لیے مشعل راہ ہیں۔ ملک کا معاشی ،سیا سی اور معاشرتی نظام جام ہو تا جا رہا ہے۔خلفائے راشدین کانظام نافذ کر نے اور پیغام حسینؓ پر عمل کر نے سے ہی ملک بحرانوں سے آزاد ہو سکتا ہے۔ امت کو لڑانے اور تفرقہ بازی دشمن کی خواہشات ہیں ان خواہشات کو کچلنے کیلئے قوم میں اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔شہباز شریف نے کراچی سمیت ملک کے دیگر علاقوں میں طوفانی بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم متحد ہو کر سیلاب سے متاثرہ اپنے بھائیوں بہنوں کی مدد کرے۔ سیلاب اور طوفانی بارشوں سے نقصانات کی اطلاعات پہلے سے موجود تھیں، حیرانی ہے حکومت نے کیا تیاری کی تھی، سیاسی مفادات سے بالاتر ہوکر متاثرہ عوام کی خدمت کو یقینی بنایا جائے۔ یوم عاشور پر حضرت امام حسین، اہل بیت اور ان کے ساتھیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ امام عالی مقام اور ان کے ساتھیوں کا پاکیزہ لہو تا قیامت حق، اصول اور سچائی کی گواہی دیتا رہے گا۔ خاتم الانبیا کے پیارے نواسے نے اسلام کی سربلندی کے لئے اپنی، اپنے اہل خانہ اور ساتھیوں کی عظیم قربانی پیش کی۔