پاکستان نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے علاقے شوپیاں میں جعلی مقابلے میں مزید چار کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل اور محرم الحرام کے دوران مذہبی جلوسوں اور مجالس پر پابندیوں کی شدید مذمت کی ہے۔دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے ایک بیان میں کہا کہ گزشتہ ایک برس کے دوران قابض بھارتی فوج نے جعلی مقابلوں اور محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران خواتین اور بچوں سمیت تقریباً تین سو بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کو قتل تشدد جبری گمشدگیوں اور نظر بندیوں کے ذریعے محکوم رکھنے کے بھارت کے غیر انسانی ہتھکنڈے ماضی میں بھی ناکام رہے ہیں اور مستقبل میں بھی کامیاب نہیں ہوں گے۔
ترجمان نے کہا کہ بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا تسلسل کشمیریوں کے عزم کو توڑ نہیں سکتا اور نہ ہی انہیں اپنے ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت کے حصول کی ان کی جدوجہد کو دبا سکتا ہے جس کا وعدہ سلامتی کونسل کی متعلقہ قرار دادوں میں بھی کیا گیا ہے۔انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیریوں کے خلاف سنگین جرائم پر بھارت کا محاسبہ کرے ۔
پاکستان کی شوپیاں میں چار کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کی شدید مذمت
Aug 30, 2020 | 16:01