پی ڈی ایم ناکام اتحاد،عوام کو بے وقت جلسوں میں دلچسپی نہیں:عثمان بزدار

Aug 30, 2021

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ عوام کو پی ڈی ایم کے بے وقت جلسوں میں کوئی دلچسپی نہیں۔ پی ڈی ایم کا شیرازہ بکھر چکا ہے اور یہ پاکستان کی تاریخ کا ناکام ترین اتحاد ثابت ہوا ہے۔ عوام نے پہلے بھی بے مقصد جلسوں کو کوئی پذیرائی نہیں دی۔ عمران خان کی قیادت میں پاکستان ترقی اور خوشحالی کے سفر پر گامزن ہے۔ یہ عناصر صرف پاکستان کی ترقی روکنا چاہتے ہیں۔ ملک احتجاج کے ذریعے نہیں بلکہ محنت، خدمت اور دیانت سے آگے بڑھتے ہیں۔ کسی کو عوامی خدمت کے سفر میں رخنہ نہیں ڈالنے دیں گے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ڈیرہ غازی خان کے سیاحتی مقام فورٹ منرو کا دورہ کیا۔ چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی، وزیر مملکت زرتاج گل، چیئرمین پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی سردار احمد علی دریشک، مشیر حنیف پتافی، مشیر سیاحت آصف محمود، اعلیٰ شخصیات اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے فورٹ منرو کی تعمیر و ترقی کیلئے تقریباً 90 کروڑ روپے کے4 منصوبوں کا افتتاح اور 4 کا سنگ بنیاد رکھا۔ فورٹ منرو میں ریسکیو 1122 کا ایمرجنسی سٹیشن بھی بنے گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے فورٹ منرو میں معزز علاقہ، قبائلی عمائدین اور لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوہ سلیمان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو مکمل بحال اور فعال کردیا ہے۔ کوہ سلیمان کے علاقے کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے  5 ارب 70 کروڑ کے فنڈز رکھے گئے ہیں۔ علاقے میں روڈز، واٹر سپلائی اور بنیادی مسائل حل ہوں گے۔ حکومت پنجاب نے فورٹ منرو کیڈٹ کالج کیلئے 100 ایکڑ اراضی دی ہے۔ جلد کیڈٹ کالج کا افتتاح کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کوہ سلیمان کے علاقے میں ایک اور کیڈٹ کالج بنائیں گے۔ کوہ سلیمان کے بچوں کو کیڈٹ کالج میں مفت داخلہ دیا جائے گا، بورڈنگ اور دیگر اخراجات حکومت پنجاب برداشت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ فورٹ منرو میں واٹر سپلائی کا مسئلہ مستقل طور پر حل کریں گے۔ جتنے بھی فنڈر درکار ہوں گے، حکومت پنجاب دے گی۔ وزیراعلیٰ نے رحیم یار خان میں بزرگ شہری پر تشدد کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او بہاولپور سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بزرگ شہری کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے گا، ملزمان قرار واقعی سزا کے حق دار ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزداراور چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی بلوچستان کے ضلع بارکھان میں بلوچستان کے صوبائی وزیر سردار عبدالرحمان کھیتران کی رہائش گاہ پر بھی گئے۔  عثمان بزدار اور صادق سنجرانی نے عبدالرحمان کھیتران سے ان کی والدہ کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ عثمان بزدار نے صحافی شازیہ ذیشان کے والد اور ذیشان بخش کے سسر کے انتقال پر بھی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ 

مزیدخبریں