الزامات مسترد ، بھارت لاہور دھماکے ، داسو دہشتگردانہ حملے میں ملوث : پاکستان

اسلام آباد (نامہ نگار) پاکستان نے بھارتی وزیر دفاع کے بے بنیاد الزامات کو مسترد کر دیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے بیان میں کہا کہ بھارتی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کے پاکستان پر دہشت گردی سے متعلق الزامات بے بنیاد‘ جھوٹے ہیں۔ بھارت دہشت گردی کو ریاستی پالیسی کے ہتیھار کے طور پر استعمال کرتا ہے۔ بھارت جوہر ٹاؤن لاہور‘ داسو دہشت گرد حملوں میں ملوث رہا ہے۔ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے۔ پاکستان غیر ذمہ دارانہ بھارتی رویئے کے باوجود خطے میں امن چاہتا ہے۔ امن کی خواہش کے باوجود پاکستان بھارت کے کسی بھی جارحانہ منصوبے کا بھرپور جواب دے گا۔ حکمران بی۔جے۔پی، آر۔ایس۔ایس مشترکہ طورپر مسلمان دشمن اور اقلیت دشمن واضح ایجنڈے پر کاربند ہے۔ فروری 2019 ء میں بالاکوٹ میں ناکامی سے دوچار مہم جوئی اور عاقبت نااندیشانہ نام نہاد بھارتی سرجیکل سٹرائیکس محض جھوٹ، دھوکے اور فریب کے طورپر بے نقاب ہوئیں۔ پاکستان نے بھارت کے خلاف نپا تلا اور پرعزم جواب دے کر خطے میں سٹرٹیجک توازن بحال کیا تھا۔

ای پیپر دی نیشن