موڑکھنڈا (نامہ نگار) تیز رفتار بس نے موٹر سائیکل سوار ماں بیٹے سمیت تین افراد کو کچل دیا، تینوں موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ لواحقین نے احتجاجاً سڑک بلاک کردی، ڈرائیور گرفتار کر لیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ نواحی گائوں ملک پور کا رہائشی قاسم علی روز اپنی والدہ فاطمہ بی بی اور اپنی بھتیجی طیبہ بی بی کے ہمراہ موٹر سایئکل پر سوار بچیکی کی جانب جا رہا تھا کہ اسی دورران سڑک ٹوٹی ہونے کی وجہ سے ون وے کی خلاف ورزی کرتی ہو ئی جڑانوالہ سے لاہور جانے والی تیز رفتار بس نمبر LEI 6634 نے ان تینوں کو سامنے سے ٹکر مار دی جس سے تینوں افراد موٹر سائیکل سمیت بس کے نیچے کچلے گئے اور موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ جن کو ریسکیو اہلکاروں نے بڑی مشکل سے بس کے نیچے سے نکال کر نعشیں پولیس کے حوالے کر دیں۔ جبکہ اہل خانہ نے اس غم ناک واقعہ کے خلاف احتجاجاً لاہور جڑانوالہ روڈ بلاک کردی۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ڈرائیور سلیم کو گرفتار کر لیا۔