3 سال میں عوام کی چیخیں نکل گئیں‘ مافیاز خوشحال ہوئے: احسن اقبال

Aug 30, 2021

نارووال (نامہ نگار) سیکرٹری جنرل مسلم لیگ (ن) احسن اقبال نے پریس کانفرنس میں حکومتی تین سالہ کارکردگی کو شدید تنقید کانشانہ بناتے ہوئے حکومت کی کارکردگی پر  وائٹ پیپر جاری کرنے کا اعلان کر دیا۔ وزیراعظم کہتے ہیں پاکستان کے عوام 3 سالوں میں خوشحال ہوئے ہیں‘ وزیر اطلاعات فرماتے ہیں کہ جتنی مہنگائی ہوئی ہے اتنا عوام کی آمدن میں اضافہ ہوا ہے۔ یہ وہ بیانات ہیں جن کا گھر گھر مذاق اڑایا جا رہا ہے۔ ہر وہ شخص جو روزانہ بازار سے آٹا، ڈالیں، دودھ، گوشت، بوڑھے والدین کے لئے دوائیں خریدتا ہے، بجلی گیس کا بل دیتا ہے اس حکومت کو ہر روز بددعائیں دیتا ہے۔ وزیر اور مافیازخوشحال ہوئے ہیں جو عمران نیازی کی چھتری تلے عوام کو لوٹ رہے ہیں۔ پاکستان کے عوام کی چیخیں نکل گئیں ہیں حکومت کی 3سالہ کارگردگی سے۔ احسن اقبال نے کہا کہ میں وزیر اعظم کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ کسی بازار میں سکیورٹی کے بغیر جا کر دکھائیں انہیں اپنی مقبولیت کا پتہ چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ خاموشی کے ساتھ روپے کی11 روپے کی ڈی ویلو ایشن کر دی گئی ہے۔ وہ پاکستانی روپیہ جو ڈالر کے مقابلے میں154روپے پر تھا 2 ماہ میں 166 روپے پر چلا گیا ہے۔ 11روپے ڈی ویلو ایشن سے تقریبا 12سو ارب کا قرضہ پاکستانی قوم پر چڑھ چکا ہے۔ آج حکومت بڑے دعوے کر رہی ہے کہ پاکستان کی معیشت بہتر  ہو رہی ہے، کاریں موٹر سائیکلیں زیادہ فروخت ہو رہی ہیں، میں حکومت کو چیلنج کرتا ہے کہ اکنامک سروے کو دیکھیں ابھی بھی کاروں موٹر سائیکلوں کی فروخت 2018 کے مقابلے میں 35 فی صد کم ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ وہ صوبہ پنجاب جو مسلم لیگ ن کے سنوارا تھا، ترقی دی تھی آج اس پنجاب کے ہر شعبے کا حلیہ چاہیے وہ شعبہ تعلیم ہو، صحت ہوستیاناس کر دیا گیا ہے۔ آج پنجاب کے ہر ڈی ایچ کیو میں غریبوں کا مفت علاج بند کر دیا گیا ہے۔ لوگ پریشان ہیں۔ آج پاکستان میں خواتین کے خلاف جس طرح کے جرائم ہو رہے ہیں ایسی مثال ہماری تاریخ میں نہیں ملتی۔

مزیدخبریں