2 قیدی پٹواریوں کی جعلسازی چھپا کر نئی تعیناتیاں ، ساتھیوں کی موجیں 

خانیوال (عامر حسینی سے) محکمہ مال خانیوال کے افسران کی کرپٹ اہلکاروں پر نوازشیں، سینکڑوں کینال سرکاری اراضی جعل سازی سے الاٹ کرنے کے جرم میں جوڈیشل ریمانڈ پر ڈسٹرکٹ جیل میں بند پٹواری عاشق حسین لنگاہ کو گرفتاری کے روز سے رخصت پہ ظاہرکرکے نیا پٹواری تعینات کردیا، باقی اہلکاروں کے خلاف بھی کوئی تادیبی کاروائی نہ ہوسکی، تنخواہیں، پنشن بدستور جاری تفصیلات کے مطابق خانیوال کے چک 42 دس آر میں کروڑوں روپے کی مالیت کی 493 کینال سرکاری اراضی جعلی دستاویزات تیار کرکے دینے کے جرم میں ڈسٹرکٹ جیل میں جوڈیشل ریمانڈ پر بند محکمہ مال کے پٹواری عاشق حسین لنگاہ کو گرفتاری کے روز سے نو ستمبر تک رخصت پہ ظاہر کرکے اس کی جگہ 42 دس آر کا اضافی چارچ پٹواری رمضان سیال کو دے دیا گیا- پٹواری عاشق حسین لنگاہ خانیوال میں تعینات نائب تحصیل دار منظور حسین لنگاہ کا حقیقی بھائی ہے جسے محکمہ مال کا بااثر کارندہ سمجھا جاتا ہے۔ جبکہ اسی مقدمے میں بند دوسرے ملزم پٹواری عبدالجبار کو بھی رخصت پہ ظاہر کرکے اس کی جگہ چارج فیاض اظہر پٹواری کو سونپ دیا گیا ہے۔ جبکہ ان دو پٹواریوں کے ساتھ ساتھ مخکمہ مال خانیوال کے گرفتار ملزمان ریٹائرڈ اظہر اقبال کلرک کی پنشن جاری ہے ، حاضر سروس طاہر اقبال کلرک، ہیڈ کلرک محمد قاسم (کالونی برانچ) ایس ڈی آر انوار الحق کو نہ معطل کیا گیا ہے اور نہ ہی ان کی تنخواہیں روکنے کا نوٹیفیکش جاری کیا گیا ہے۔ ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفسر خانیوال نے نوائے وقت کو تصدیق کی ہے کہ تاحال ان کے پاس مذکورہ ملازمین کی تنخواہیں اور پنشن روکنے کا کوئی نوٹیفکیشن موصول نہیں ہوا۔ جبکہ دوسری طرف ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ملتان ریجن حیدرعباس وٹو نے انکشاف کیا کہ ملزمان کو چودیشل ریمانڈ پر ڈسٹرکٹ جیل خانیوال منتقل کیے جانے کے بعد 15 اگست 2021ء کو ڈی سی خانیوال آغا ظہیر عباس شیرازی کو ملزمان کے خلاف محکمانہ تادیبی کاروائی کرنے کی سفارش پہ مبنی سرکاری مراسلہ بھیج دیا گیا تھا۔ ڈی سی خانیوال آغا ظہیر عباس شیرازی سے روزنامہ نوائے وقت نے جب رابطہ کیا تو انھوں نے کہا کہ انھوں نے اے ڈی سی آر خانیوال اور اے سی خانیوال کو کاروائی کا کہہ دیا تھا۔ اے ڈی سی آر اور اے سی خانیوال سے رابطہ کی کوشش کی گئی وہ دستیاب نہ تھے ۔

ای پیپر دی نیشن