لاہور( سٹاف رپورٹر)کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن پرویز حنیف نے کہا ہے کہ ہماراادارہ دنیا میں فیشن کے بدلتے ہوئے رجحانات کے مطابق نوجوانوںکوتربیت فراہم کر رہا ہے ،ہر انڈسٹری کو اپنا بوجھ خود اٹھانا چاہیے لیکن حکومتی ادارے صرف یہ مہربانی کریں کہ وہ رکاوٹیں ڈالنے کی بجائے سہولیات فراہم کریں ،حکومت یہ دیکھے کہ کس برآمدی شعبے کو کس سطح پر کیا معاونت چاہیے تاکہ ہماری برآمدات کو فروغ مل سکے۔ اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہا کہ پاکستان میںہینڈ لوم کا کامیاب تجربہ ایک انقلاب ہے جس سے پیداواری وقت میںبھی کمی ہو گی ۔ ہمسایہ ملک کی حکومت نے ہینڈلوم کووسیع پیمانے پر روزگار کے فراہمی کاذریعہ بنایا ہے اس لئے ہماری حکومت کوبھی اس جانب توجہ مرکوزکرنی چاہیے ،خاص طو رپر پنجاب حکومت دیہی علاقوں میں لوگوں کو ان کی دہلیز پر روزگار کی فراہمی کاانقلاب بر پا کرسکتی ہے۔انہوںنے مزیدکہا کہ یہاں نجی شعبہ معیشت کی گروتھ کیلئے کام کرناچاہتا ہے لیکن بد قسمتی سے سرکاری ادارے اس میںرکاوٹیں کھڑی کرتے ہیں جس کی کڑی نگرانی کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ میںاس طرز کی تربیت فراہم کی جارہی ہے جو دنیا میںبدلتے ہوئے رجحانات کے عین مطابق ہے اور ہماری کارپٹ کی مصنوعات اپنے معیار اور ڈیزائنوںکی جدت کی وجہ سے پوری دنیا میں اپنی منفرد پہچان رکھتی ہیں۔