لاہور(یواین پی) آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پاکستان 4 ٹیموں میں نمبر ون ہے جب کہ انگلینڈ کے ہاتھوں لیڈز میں شکست کی وجہ سے بھارتی ٹیم تیسری پوزیشن پر پہنچ گئی۔انگلینڈ میں موجود بھارتی ٹیم نے ایک فتح اور ایک ڈرا میچ کی بدولت 58.33پرسنٹیج پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر جگہ بنا رکھی تھی،دوسری جانب ویسٹ انڈیز میں پہلا ٹیسٹ ہارنے کے بعد دوسرا جیتنے والے پاکستان نے 50 پرسنٹیج پوائنٹس جوڑ کر دوسری پوزیشن پر قبضہ جمایا تھا،کیریبیئنز اتنے ہی پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور انگلینڈ (38.88) چوتھے نمبر پر تھا۔گذشتہ روز لیڈز ٹیسٹ میں بھارتی ٹیم کو اننگز اور 76رنز سے عبرتناک شکست ہوئی جس کے نتیجے میں اسے38.88پرسنٹیج پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن پر آنا پڑا، پاکستان کو سرفہرست ہونے کا موقع مل گیا،انگلینڈ کی ٹیم اتنے ہی پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔یاد رہے کہ گذشتہ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پہلے ہر سیریز کے میچزکیلیے مجموعی طور پر 120 پوائنٹس رکھے جاتے تھے،یعنی 2 مقابلوں کی صورت میں ایک کے 60پوائنٹس ہوتے تھے،اس بار تھوڑی تبدیلی کرتے ہوئے ہر فتح پر 12، ڈرا پر دونوں ٹیموں کو 2،2پوائنٹس دینے کی پالیسی بنائی گئی ہے،اسی کی بنیاد پر پرسنٹیج پوائنٹس کا تعین کیا جاتا ہے۔فی الحال آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں صرف 4ٹیمیں ایکشن میں آئی ہیں، پاکستان اور ویسٹ انڈیز نے 2،2 جبکہ انگلینڈ اور بھارت نے 3،3میچز کھیلے،دفاعی چیمپئن نیوزی لینڈ سمیت دیگر نے ابھی تک کسی میچ میں حصہ نہیں لیا، آگے چل کر ٹیموں کی پوزیشن میں اتار چڑھائو آتا رہے گا۔