وزیراعظم کا سب سے بہترین پروگرام غریبوں کیلئے ”احساس پروگرام“ ہے: چودھری پرویزالٰہی

Aug 30, 2021 | 21:08

ویب ڈیسک

 سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے مختلف نمائندہ وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم کا سب سے بہترین پروگرام غریبوں کیلئے ”احساس پروگرام“ ہے، اس پروگرام کی بدولت مستحق افراد کی مدد ہو رہی ہے اور بے روزگار نوجوانوں کو باعزت روزگار کے مواقع مل رہے ہیں جس غربت میں کمی آ سکتی ہے، پاکستان کی خوشحالی میں احساس پروگرام وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی دنیا کو کشمیر میں بھارتی دہشت گردی سے آگاہ کرنے میں جو کردار عمران خان نے ادا کیا ہے کسی اور لیڈر نے نہیں کیا، کشمیریوں کی آواز عمران خان نے اقوام متحدہ سمیت ہر فورم پر اٹھائی، عالمی سطح پر آج تک کسی لیڈر کو توفیق نہیں ہوئی کہ وہ اس طرح کشمیریوں کو سپورٹ کریں۔ سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار انشاء اللہ پانچ سال مکمل کریں گے، حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد نہ پہلے آ رہی تھی نہ اب یہ سب ہوائی باتیں ہیں، وزیراعلیٰ عثمان بزدار اور ہمارے درمیان اعتماد کی فضا قائم ہے، جب بھی وزیراعلیٰ پنجاب کی تبدیلی کی افواہیں گردش کرتی تھیں تو ہم نے ہر بار کہا کہ وہ کہیں نہیں جا رہے، بے بنیاد مفروضوں کے ہمارے درمیان کوئی گنجائش نہیں، وزیراعظم کو ان پر مکمل اعتماد ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے پاکستان کو معاشی سمیت تعلیم اور صحت کے میدان میں مشکلات کا سامنا ہے جن کو دور کرنے کیلئے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد اور وزیر تعلیم مراد راس بہترین کام کر رہے ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ عالمی صورتحال تیزی کے ساتھ تبدیل ہو رہی ہے، میری رائے میں حکومت پاکستان کا یہ موقف کہ افغانستان میں ایک وسیع البنیاد حکومت ہی سے پائیدار امن قائم ہو سکتا ہے حقیقت پر مبنی ہے، افغانستان کی صورتحال اور قطر مذاکرات سے حکومت پاکستان اور فوج پوری طرح آگاہ تھی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی بہترین ہے، چین سے تعلقات سمیت سی پیک کے منصوبوں کو جاری رکھنا فارن پالیسی کا اہم حصہ ہے، افغانستان میں استحکام ہو گا تو دنیا کو فائدہ ہو گا، چین اور روس نے اس سلسلے میں پہل کر دی ہے۔

مزیدخبریں