امریکہ میں کساد بازاری سے ترقی پزیر ممالک کو فائدہ ہوگا: پاکستان اکانومی واچ 


اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان اکانومی واچ کے صدر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا ہے کہ امریکہ اور یورپ میں کساد بازاری سے تیل اور اجناس کی بڑھی ہوئی قیمتوں سے متاثر ہونے والے ترقی پزیر ممالک کو ریلیف ملے گا۔ امریکہ میں مہنگائی کو کم کرنے کیلئے شرح سود میں مسلسل اضافہ کیا جا رہا ہے جس سے اقتصادی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں جس کا نتیجہ اقتصادی بدحالی، بے روزگاری اور کساد بازاری کی صورت میں نکلے گا جبکہ عالمی شرح نمو میں بھی کمی آئے گی۔ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا کہ امریکی اقدامات سے پاکستان سمیت دنیا کے تقریباً تمام ممالک کی برامدات بھی متاثر ہونگی جبکہ ترسیلات میں بھی کچھ کمی آئے گی ۔دوسری طرف ڈیمانڈ میں کمی سے تیل اور زرعی اشیاءسمیت تقریباً تمام چیزوں کی قیمت کم ہونے کا عمل شروع ہو جائے گا جو تیل برامد کرنے والے ممالک کیلئے بری مگر تیل درامد کرنے والے ممالک کیلئے اچھی خبر ہو گی۔ پاکستان کی 33 فیصد درامدات توانائی پر مشتمل ہوتی ہیں جس کی قیمت میںپچاس فیصد کمی سے امپورٹ بل میں دس ارب ڈالر تک کی کمی آ سکتی ہے جو بڑا ریلیف ہو گا۔ اس سے ملک میں تیل اور بجلی کی قیمت کم ہو جائے گی جس سے ہر چیز کی قیمت پر اثر پڑے گا۔اگر برامدات میں بیس فیصد کمی آئے مگر آئل امپورٹ بل میں پچاس فیصد تک کمی آئے تو یہ پاکستان کی خوش قسمتی ہو گی کیونکہ پاکستان کی برامدات ہمیشہ سے کم رہی ہیں تاہم ان ممالک کو زیادہ نقصان پہنچے گا جن کی برامدات زیادہ ہیں جیسا کہ بنگلہ دیش ویتنام اور چین وغیرہ۔ہمارے پالیسی سازوں کو صورتحال کے مطابق چیلنجز سے نمٹنے اور مواقع سے فائدہ اٹھانے کی منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔

ای پیپر دی نیشن