سیلاب متاثرین کیلئے اشیاءپر ناجائز منافع خوری نہ کی جائے:خواجہ خاورر شید


لاہور( این این آئی)ایوان صنعت و تجارت لاہور میں فانڈرز گروپ کے ترجمان اور سابق سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید نے خیمے اور دیگر ضروریات زندگی بنانے اور ان کی تجارت کرنے والے تاجروں سے اپیل کی ہے کہ وہ سیلاب متاثرین کی مشکلات کا خیال رکھیں اور ناجائز منافع خوری کی سختی سے حوصلہ شکنی کریں۔ خواجہ خاور رشید نے کہا ہے کہ سیلاب کی آفت نازل ہونے کے بعد خیموں اور دیگر اشیا کی قیمتوں میں کئی گنا اضافے کی اطلاعات بہت تشویشناک ہیں ۔ سیلاب نے ملک بھر میں بے پناہ تباہی مچائی ہے جس کی وجہ سے ایک ہزار سے زائد لوگ جاں بحق ہوئے ہیں، 20 لاکھ ایکڑ سے زائد رقبے پر کھڑی فصلیں تباہ ہوگئی ہیں جبکہ 8 لاکھ سے زائد پالتو مویشی سیلاب کی نظر ہوگئے ہیں جن پر دیہی معیشت کا انحصار ہے۔ ایسے وقت میں متاثرین کو ہم سب کی سپورٹ کی اشد ضرورت ہے نہ کہ ان کیلئے اشیائے ضرورت کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ کردیا جائے۔ انہوں نے سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے فوری طور پر حرکت میں آنے ،وفاقی و صوبائی حکومتوں کو سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے فنڈز فراہم پر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو سراہتے ہوئے کہا کہ لاہور چیمبر نے سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے ڈیسک اور اکانٹ قائم کردیا ہے۔ مخیر لوگوں کو چاہیے کہ وہ سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے زیادہ سے زیادہ عطیات دیں کیونکہ ان کی بحالی کا عمل بہت طویل ہے اور اس پر بے تحاشا اخراجات ہونگے۔

ای پیپر دی نیشن