حیدرآباد/نوابشاہ (نامہ نگاران )وفاقی وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ ہمارے لئے اصل چیلینج بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے تباہ ہونے والے بنیادی ڈھانچے اور خیموں میں قیام پذیر ہمارے بہن بھائیوں کے گھروں قصبوں، گوٹھوں کی بحالی کا ہے جس کے لئے ہمیں ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کرنے ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بھٹ شاہ میں مختلف ریلیف کیمپوں کا دورہ کرکے متاثرین میں راشن کی تقسیم کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمیں برادر ملک ترکی سے پہلی امدادی کھیپ وصول ہوگئی ہے، دوسرے ممالک بھی اس کار خیر میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے بہن بھائیوں کے کام آئیں اور اس سلسلے میں ہم مشترکہ طور پر بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایات پر میں سندھ کے مختلف اضلاع کا دورہ کر رہا ہوں۔ ہماری پوری کوشش ہے کہ سیپکو اور حیسکو ریجنز کے علاقوں میں بجلی کی زیادہ سے زیادہ فراہمی ہو اور جہاں پانی کی نکاسی کام کام جاری ہے وہاں ترجیحی بنیادوں پر بجلی کی مسلسل فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے تاکہ اس کام میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔ تاریں گرنے سے ہونے والے جانی نقصان کے حوالے سے ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کی قیمتی جانیں چلی گئی ہیں ان کے ورثا کو کو وفاقی حکومت کے پیکیج کے تحت این ڈی ایم اے کی جانب سے دس دس لاکھ روپے کے چیکس دیئے جارہے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف وہ چیکس تقسیم بھی کر رہے ہیں اور انشا اللہ وہ دوبارہ بھی آئیں گے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے سندھ کو پندرہ ارب روپے کی گرانٹ دی ہے، جس سے متاثرین کے لئے کھانے پینے کی اشیا پہنچائی جائیں گی اور آئندہ چند روز میں وزیراعظم کی جانب سے بارش متاثرین کے لئے فیملی ٹینٹ تقسیم کئے جائیں گے۔ نواب شاہ سے نامہ نگار کے مطابق وفاقی وزیر بجلی و پانی خرم دستگیر نواب شاہ نے نواب شا ہ کا دورہ کیا ۔وفاقی وزیر خرم دستگیر کی زیرآب آجانے والے ہاوسنگ سوسائٹی گرڈ اسٹیشن آمد ۔وفاقی وزیر خرم دستگیر کے سینیٹر کھیل داس،سابق گورنر سندھ محمد زبیر اور نہال ہاشمی بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کر تے ہوئے انہوں نے کہاکہ آج ہاوسنگ سوسائٹی گرڈ اسٹیشن کا معائنہ کیا ہے ملک میں سیلابی ایمرجنسی ہے حیسکو ریجن میں سب سے زیادہ نقصان نواب شاہ ضلع میں پہنچا ہے اورشدید بارشوں کے نتیجے میں سوسائٹی گرڈ اسٹیشن زیرآب آگیا تھا اب اسکا پانی نکال دیا گیا ہے حیسکو چیف کو فیڈر چلانے کے لئے ہدایت کی تھی جس پر مین فیڈر پر بجلی کی فراہمی بحال کردی گئی ہے سوسائٹی گرڈ اسٹیشن کے 15میں سے11فیڈر چلا دئے گئے ہیں۔ تمام کام وزیراعظم کی خصوصی دلچسپی کے باعث قلیل مدت میں مکمل کیا گیا ہے اوروزیراعظم کی ہدایت تھی کہ اس گرڈ کو فوری بحال کیا جائے توآج یہ مکمل بحال کردیا گیا ہے انھوں نے کہا کہ حیسکو ریجن میں ٹرانسفارمرجلنے کے مسائل بہت زیادہ ہیں ایمرجینسی کے بعدتمام جلنے والے ٹرانسفامر تبدیل کردئیے جائیں گے وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر سیپکو اور حیسکو میں لوڈ شیڈنگ نہیں کی جارہی 24 گھنٹے بجلی کی فراہمی کا مقصد پمپنگ اسٹیشن کو بجلی فراہم کرنا ہے تاکہ بارش اور سیلابی پانی کی نکاسی بوقت ہوسکے، 23 اور 24اگست کو شدید بارش ہوئی تھی زیادہ بارش کی وجہ سے گرڈ اسٹیشن زیر آب آگیا تھاہمارے انجینئرز کی بہترین کاوشوں سے ہم نے یہ کام جلد ممکن کردکھایا ہے حیسکو صارفین تھوڑے صبر سے کام لیں تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔
خرم دستگیر