اسلام آباد؍ لاہور (نمائندہ نوائے وقت+ سپورٹس رپورٹر) پاکستان کے ہاکی لیجنڈ اولمپئن منظور جونیئر انتقال کر گئے۔ منظور جونیئر دل کے دورے کے باعث مقامی ہسپتال میں زیرعلاج تھے، جہاں وہ جانبر نہ ہو سکے۔ وہ پاکستان ہاکی کا سرمایہ تھے۔ انہوں نے قومی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے 1984ء کے لاس اینجلس اولمپکس میں گولڈ میڈل کا اعزاز حاصل کیا۔ منظور جونیئر 1978ء اور 1982ء کی ونر قومی ہاکی ٹیم کا بھی حصہ رہے۔ 1982ء کے ورلڈکپ فائنل کے ہیرو کے طور پر دنیائے ہاکی آج بھی پہنچانتی ہے۔ انہوں نے 6 جرمن کھلاڑیوں کو ڈاج کر کے گول کیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ہاکی اولمپئن منظور جونیئر کے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔ آرمی چیف نے کہا اللہ منظور جونیئر کی مغفرت کرے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی لیجنڈ ہاکی اولمپئن منظور جونیئر کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند کرے۔ لاہور کے نجی ہسپتال نے پیسوں کی عدم ادائیگی پر لیجنڈ ہاکی اولمپئن منظور جونیئر کی میت دینے سے انکار کر دیا۔ لواحقین کے مطابق نجی ہسپتال نے 5 لاکھ روپے وصول کرنے کے بعد منظور جونیئر کا جسد خاکی حوالے کیا۔ پاکستان ہاکی کے سابق کپتان منظور جونیئر کی عمر 63 برس تھی، منظور حسین جونیئر بیگم پورہ جی ٹی روڈ قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ پی ایچ ایف کے صدر اور سیکرٹری جنرل اور ساتھی کھلاڑیوں اولمپیئن حنیف خان اولمپیئن عبدالرشید جونیئر، اولمپیئن شہناز شیخ، اولمپیئن سمیع اللہ خان، اولمپیئن کلیم اللہ خان، اولمپیئن حسن سردار، اولمپیئن اصلاح الدین صدیقی اور اولمپیئن اختر رسول، اولمپیئن وسیم فیروز سیمت دیگر نے منظور جونیئر کی وفات پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ نماز جنازہ میں صدر پی ایچ ایف خالد سجاد، سیکرٹری حیدر حسین، سابق کپتان اختر رسول، آصف باجوہ سمیت ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔