لاہور+تونسہ شریف (نیٹ نیوز+نامہ نگار) مریم نواز نے تونسہ کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور ٹبی قیصرانی اور بستی ناڑی میں متاثرین سے ملاقات کی۔ ان کی مشکلات اور مسائل سنے اور ہرممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔ مریم نواز نے کہا وہ سیاست کسی کام کی نہیں جو عوام کے کام نہ آئے۔ تمام جماعتوں کا فرض ہے کہ قوم کی مدد کیلئے آگے آئیں۔ سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے جو بھی کرنا پڑا ہم کریں گے۔ مشکل وقت میں متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑ دیں گے۔ تونسہ میں بہت تباہی ہوئی ہے، گھر تباہ ہو گئے اور فصلیں ختم ہو گئیں۔ جب تک آپ لوگ اپنے گھروں میں آباد نہیں ہوں گے ہم آرام سے نہیں بیٹھیں گے۔ مریم نواز نے مخیر حضرات سے بھی اپیل کی کہ مصیبت میں گھرے سیلاب زدگان کی مدد کیلئے اپنا حصہ ضرور ڈالیں۔ مریم نواز نے متاثرہ خواتین کے ساتھ گفتگو کی اور ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔مریم نواز نے کہا کہ حالیہ بارشوں سے رودکوہی کے ریلے سے جوتباہی ہوئی ہے میں نے خود اپنی آنکھوں سے دیکھی ہے۔ لوگوں کے گھر‘ مال مویشی، جمع پونجی اور تمام فصلات تباہ ہوچکے ہیں اور نوازشریف‘شہباز شریف نے مجھے کہا ہے کہ آپ سب سے پہلے تحصیل تونسہ شریف میں مصیبت کی اس گھڑی میں تونسہ جا کر لوگوں کو کہو کہ مسلم لیگ ن کی حکومت اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھے گی جب تک سیلاب متاثرین اپنے اپنے گھروں کو واپس نہیں جاتے۔ مریم نواز نے کہا ہم مصبیت کی اس گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور حکومت پاکستان متاثرین کی بھر پور امداد کریگی۔