شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما و سابق ممبر قومی اسمبلی چوہدری محمد سعید ورک نے کہا ہے کہ متاثرین کی بحالی کیلئے سب کو ملکر کام کرنے کی ضرورت ہے، ہمیں پاک فوج‘انتظامیہ‘فلاحی تنظیموں کے کندھے سے کندھا ملا کر متاثرین کی بھرپور مدد کرنی چاہیے،صاحب حیثیت افراد متاثرین کی پکار پر پنجاب حکومت کے ساتھ مل کر متا ثر ین سیلا ب کی امداد کریں وفاقی حکومت جنگ بندی کر کے سیلاب متاثرین کی بحالی پر توجہ دے سیلاب سے کئی بستیاں صفحہ ہستی سے مٹ گئیں، لوگوں کی عمر بھر کی جمع پونچی پانی میں بہہ گئی، و فا قی حکمران مخلوق خدا پر رحم کریں لاکھوں افراد بے گھر ہو کر خواتین اور بچوں سمیت سڑکوں پر بیٹھے ہیں اور امداد کے منتظر ہیں، اپنے ایک بیان میں چوہدری محمد سعید ورک نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے ماؤں نے اپنے زیور اور بچوں نے جیب خرچ کے پیسے سیلاب فنڈ میں جمع کئے ہیں لیکن و فا قی حکومت کی طرف سے سوائے فضائی دوروں کے کوئی چیز ان تک نہیں پہنچی، انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی اولین ترجیح سیلاب زدگان کی امداد و بحالی یقینی بنانا ہے جس کی خاطر عمران خان نے دنیا بھر سے مالی امداد کی اپیل کی ہے جن کی کال پر لبیک کہتے ہوئے دنیا کے کونے کونے میں مقیم اوورسیز پاکستانی مالی عطیات سیلاب زدگان کی امداد و بحالی کی خاطر بھجوا رہے ہیں۔