1985سے ہمدرد نونہال اسمبلی کے مسلسل ہر ماہ انعقاد کاکامیاب سفر

Aug 30, 2022


کراچی (نیوز رپورٹر) ہمدرد فائونڈیشن پاکستان کی صدر محترمہ سعد یہ راشد کی زیر صدارت ہمدرد نونہال اسمبلی کے اجلاس میں سابق رکن ہمدرد نونہال اسمبلی کو مدعو کیا گیاجو آج بڑے ہوکر ملک و قوم کی خدمت میں مصروف عمل ہیں۔ اجلاس دو سیشنز پر مشتمل تھا، جس کے پہلے سیشن کا عنوانہمدرد نونہال اسمبلی، 1985سے کامیاب سفرتھا۔ اس موضوع پر ملک کے معروف ادیب و مصنف انور مقصود کو بطور مہمان خصوصی مدعو کیا گیا۔ دوسرے سیشن کا موضوع یہ دیس ہمارا ہے، کیا ہم اسے سنوارا ہے؟تھا جس میں ممتاز صحافی و دانشور غازی صلاح الدین مہمان خصوصی تھے۔اجلاس میں ہمدرد پاکستان کی منیجنگ ڈائریکٹر فاطمہ منیر احمد صاحبہ، چیف آپریٹنگ آفیسر ڈاکٹر ارشد سلیم صاحب، ہمدرد یونی ورسٹی کے سابق وائس چانسلر اور ڈائریکٹر کلینکل سائنسز ڈویژن ہمدرد پاکستان، پروفیسر ڈاکٹر حکیم عبدالحنان صاحب، ڈائریکٹران اور سینئر اسٹاف سمیت، ہمدرد پبلک اسکول کے منتظمین اور طلبہ بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔  صدارتی خطاب میں محترمہ سعدیہ راشد نے کہا کہ ہمدرد نونہال اسمبلی وطن عزیز میں بچوں کے لیے ایک منفرد و مختلف فورم ہے جہاں وہ ملک و قوم کو درپیش مسائل پر اظہار خیال کرنے کے ساتھ مملکت خداداد پاکستان کی خدمت کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ شہید حکیم محمد سعید نہ صرف حب الوطنی کی عملی مثال تھے، اسی لیے انہوں نے ضروری سمجھا کہ نئے اذہان کو حب الوطنی کے جذبے سے سرشار کیا جائے۔ انور مقصود نے ہمدرد نونہال اسمبلی کو قائم کرنے پر شہید حکیم محمد سعید کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ اس منفرد فورم کی بدولت نونہالوں میں نظم و ضبط اور ملک و قوم کی خدمت کرنے کا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج وہ سابق اراکین کی تقاریر سے بہت متاثر ہوئے ہیں۔ کل کے نونہال آج مختلف شعبوں میں اعلی مقام حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ یہ کامیابی درحقیقت شہید حکیم محمد سعید کے خوابوں کی تعبیر ہے۔ اس موقع پر آصف الیاس اور ساتھیوں نے تھیٹر ڈرامہ یہ ملک ہمارا ہے؟ پیش کیا اورڈاکٹر بابر خان صاحب نے ساتھیوں کے ہمراہ ملی نغمے پیش کیے۔ تقریب کے اختتام پر محترمہ سعدیہ نے معزز مہمانوں کو مہر عکس نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کی شیلڈز پیش کیں۔ ہمدردولیج ا سکول کے طلبہ نے دعائے سعید پڑھی۔

مزیدخبریں