لاہور (اسپورٹس رپورٹر)وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے ڈیپارٹمنٹل سپورٹس کی بحالی کے اعلان پر سپورٹس کے حلقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ۔نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں ایم آر سی اے اور گولڈن سٹار کرکٹ کلب کے زیر اہتمام ڈیپارٹمنٹل سپورٹس کی بحالی کے اعلان پر تقریب کا اہتمام کیا گیا، تقریب میں سینئر کرکٹ آرگنائزر فیصل آباد ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے سیکرٹری رانا انیس احمدخان ،میاں امتیاز ، شہباز علی، قاضی عاطف اور عزم الحق سمیت نوجوان کرکٹرز نے بڑی تعداد میں شرکت کی ،نوجوان کرکٹرز اور کرکٹ آرگنائزرز نے ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کی بحالی کے اعلان پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر مٹھائی بھی تقسیم کی گئی ۔ نوجوان کرکٹرز نے وزیر اعظم شہباز شریف، ایم آر سی اے لیڈر شکیل شیخ کے حق میں نعرے بازی کی ۔ایم آر سی اے کے مرکزی لیڈر سابق سیکرٹری فیصل آباد ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی کے سابق سیکرٹری رانا انیس احمد خان نے کہا کہ ایم آر سی اے کی کاوشوں سے ڈیپارٹمنٹل کرکٹ بحال ہوئی ہے۔ ڈیپارٹمنٹل سپورٹس کی بحالی کیلئے ایم آرسی اے کے چیئرمین شکیل شیخ، نعمان بٹ ،سلمان تالپور، طارق سرور لالہ تنویر کی کاوشیں مثالی ہیں۔ہم گذشتہ چار سال سے تحریک چلارہے ہیں اور نوجوان کرکٹرز کو ان کا حق دلانے تک یہ تحریک جاری وساری رہے گی۔
ڈیپارٹمنٹل اسپورٹس کی بحالی کے اعلان پر اسپورٹس حلقے خوش
Aug 30, 2022