لاہور ( اسپورٹس رپورٹر) جوڈو میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے کھلاڑی شاہ حسین شاہ نے کہا ہے کہ موجودہ ایتھلیٹس میں یہ صلاحیت ہے کہ وہ عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرسکیں۔کامن ویلتھ گیمز میں کانسی کا تمغہ لینے والے شاہ حسین شاہ نے کہا کہ بچپن سے باکسنگ میں دلچسپی تھی اور والد حسین شاہ سے اس حوالے سے تربیت بھی حاصل کی۔انھوں نے بتایا کہ اس وقت وہ جاپان میں رہائش پذیر ہیں اور وہاں جوڈو مقبول اور قومی کھیل ہے
اس لیے انھوں نے والدہ کی خواہش پر جوڈو کے کھیل کو چنا۔شاہ حسین نے بتایا کہ سونے کا تمغہ نہ ملنے اور فائٹ ہارنے پر انتہائی دکھ اور صدمہ ہوا تھا تاہم اگلی فائٹ سے قبل خود کو پرسکون رکھنے کیلئے کوشش کی۔ان کا کہنا تھا کہ سونے کا تمغہ نہ ملنے کی وجہ انجری تھی۔ فائٹ سے قبل زخمی ہوا تھا اور گھٹنے میں درد تھا،ٹریننگ بھی متاثر ہوئی تھی۔انھوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ شاید محنت میں کچھ کمی رہ گئی ہو جس کی وجہ سے سونے کا تمغہ نہ مل سکا۔شاہ حسین نے بتایا کہ جاپان میں جوڈو کی تربیت مہنگا کھیل ہیاور صرف جاپانی کھلاڑیوں کو ہی قومی کھلاڑیوں کے ساتھ تربیت کی اجازت ہوتی ہے۔