معاون خصوصی وزیر اعلیٰ خرم منور منج کی مونس الٰہی سے ملاقات

شیخوپورہ(نمائندہ خصوصی )وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی خرم منور منج نے رکن قومی اسمبلی چوہدری مونس الٰہی سے ملاقات کی ہے اور انہیں سیلاب زدگان کی امداد و بحالی کے سلسلہ میں پارٹی سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا ہے ، ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خرم منور منج نے کہا کہ حکومت پنجاب سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی امداد و بحالی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے وفاقی حکومت کے عدم تعاون کے باوجود پنجاب حکومت نے سیلاب زدگان کی امداد و بحالی کیلئے جو ریلیف پیکج دیا ہے اس سے متاثرین کی بڑی حد تک دلجوئی ہوئی ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی ہدایت پر تمام اضلاع سے (ق) لیگ کے کارکنان ریلیف کیمپ لگا کر امدادی سامان متاثرہ علاقوں میں بجھوا رہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ  امپورٹڈ حکومت جمہوریت پسند نہیں شعبدہ باز ثابت ہوئی ہے۔، پنجاب حکومت نے کوئی غیر آئینی اقدام نہیں اٹھایا نواز لیگ کے جن رہنمائوں کے خلاف پولیس کاروائیاں جاری ہیں ان پر مختلف نوعیت کے مقدمات درج ہیں اور قانون اپنا راستہ اختیار کررہا ہے، انہوں نے کہا کہ وفاقی حکمران سیاسی مخالفین کو جتنا دبانے کی کوشش کریں گے اتنا ہی عوام انکے اوچھے ہتھکنڈوں کے باعث ان سے نفر ت کریں گے، جمہوری ملک کو جمہوری انداز میں ہی چلایا جانا چاہئے وفاقی حکومت جو آمرانہ رویہ اختیار کئے ہوئے وہ ملکی جمہوری عمل پرسیاہ دھبہ ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، انہوںنے کہا کہ جمہوری ملک میں ہر ایک کو آئین کے مطابق اظہار رائے کی آزادی حاصل ہوتی ہے مگر وفاقی حکومت اس آئینی حق کو دبانے کے درپے ہے اور سیاسی کارکنوں کی جدوجہد کو روکنے سمیت میڈیا تک کو کنٹرول کرنے کی کوشش کررہی ہے۔

ای پیپر دی نیشن