شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت) فیلڈ ہیلتھ پروگرام آفیسر شاد نصیرنے کہا ہے کہ جو مائیں اپنے بچوںکو پہلے چھ ماہ دودھ نہیں پلاتیں ان کے بچے نہ صرف جسمانی بلکہ ذہنی طور پر کمزور اور عملی زندگی میں پیچھے رہ جاتے ہیں ، چھ ماہ بچے کو ماں کا دودھ پلانا لازم ہے جو بچے ماں کے دودھ سے محروم رہتے ہیں ان کے قدچھوٹے رہنے سمیت نمونیا ڈائریا اور الرجی سمیت دیگر بیماریاں لاحق ہونے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے جبکہ بچوں کودودھ نہ پلانے والی مائیں بھی چھاتی کے کینسر کا شکار ہو جاتی ہیں، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاد نصیر نے کہا کہ ماں کا دودھ بچے کیلئے مکمل غذا ہی نہیں بلکہ بہت سی بیماریوں سے بچائو کا بھی ذریعہ بنتا ہے مائیں اپنے بچوں کی صحت کے تحفظ اور انہیں توانا و تندرست رکھنے کی خاطر کم از کم دو سال تک اپنا دودھ ضرور پلائیں، انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کی ٹیمیں گھر گھر جاکر خواتین کو آگاہی دے رہی ہیں اور ماں اور بچے کی صحت کے تحفظ کی خاطر بھی بھرپور اقدامات اٹھائے گئے ہیں جن کا براہ راست فائدہ شہروں اور دیہات کی خواتین کو یکساں حاصل ہورہا ہے۔