لاہور(سپورٹس رپورٹر)آئی سی سی ورلڈکپ کی افتتاحی تقریب کو بالی ووڈ کا تڑکا لگایا جائیگا ۔ورلڈ کپ 2023 کی افتتاحی تقریب 4 اکتوبر کو نریندرا مودی سٹیڈیم میں منعقد ہو گی،شوپیس ایونٹ کا کائونٹ ڈائون جاری ہے، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 اکتوبر کو احمد آباد میں پہلا میچ ہوگا۔افتتاحی تقریب آئی سی سی کا کیپٹنز ڈے بھی ہوگا، چونکہ وارم اپ میچز 3 اکتوبر کو ختم ہوجائیں گے، اس لیے اگلے روز تمام کپتان احمد آباد میں جمع ہوں گے اور یہی میگا ایونٹ کے آغاز کا موقع ہوگا، اس کے بعد شام میں افتتاحی تقریب سجائی جائے گی۔ بالی ووڈ کے گلوکار اور کئی مشہور انٹرنیشنل سٹارز شریک ہوں گے، میچز چونکہ دوپہر 2 بجے شروع ہونے ہیں، اس لیے افتتاحی میچ والے روز تقریب کے انعقاد سے گریز کیا گیا ہے۔افتتاحی تقریب کو لائٹ شو، آتش بازی اور رقص و موسیقی سے چار چاند لگائے جائیں گے۔