جمعیت علماء اسلام سندھ کے امیر مولانا عبدالصمد انتقال کر گئے‘ جماعت کا سرمایہ تھے: فضل الرحمان

Aug 30, 2023

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جمعیت علماء اسلام صوبہ سندھ کے امیر خانقاہ ہالیجوی کے سجادہ نشین بزرگ عالم دین مولانا سائیں عبد الصمد ہالیجوی گزشتہ روز مقامی ہسپتال میں انتقال کر گئے۔ مولانا عبدالصمد ہالیجوی کی عمر 80 برس سے زائد تھی۔ مر حوم سندھی زبان میں قرآن کریم کی جامع تفسیر پر علالت کے باجود کام کرتے رہے۔ مرحوم طویل عرصے سے علیل تھے۔ مولانا عبدالصمد ہالیجوی پچھلے20 برس سے جے یوآئی سندھ کے بلامقابلہ امیر منتخب ہوتے آئے۔ مرحوم نے پسماندگان میں 15سے زائد صاحبزادے وصاحبزادیاں اور تین بیوہ چھوڑی ہیں۔ جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان نے جے یو آئی سندھ کے امیر اور عظیم روحانی پیشوا سائیں مولانا عبدالصمد ہالیجوی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حضرت کی وفات ملک بھر اور خصوصا صوبہ سندھ کے لئے بہت بڑا نقصان ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے مکہ مکرمہ سے اپنے تعزیتی بیان میں کہا ہے کہ سائیں ہالیجوی کی وفات سے میرے لئے دعا کا ایک اور باب بند ہو گیا۔ جماعت کا سرمایہ تھے۔ مولانا نے کہاکہ مرحوم ہماری تابناک روایات کے امین تھے۔ جے یو آئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے جمعیت علماء اسلام صوبہ سندھ کے امیر اور روحانی بزرگ مولانا عبدالصمد ھالیجوی کے انتقال پر دلی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ مر حوم بے پناہ خوبیوں کے مالک تھے اور ساری زندگی دین اسلام کی اشاعت اور اس کے پیغام کو جے یوآئی کے پلیٹ فارم سے عام کرنے میں مصروف عمل رہے۔ جے یوآئی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا محمد امجد خان نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حضرت کی وفات سے جمعیت علماء اسلام ایک حقیقی سرپرست سے محروم ہوگئی ہے۔جمعیت علماء اسلام پنجاب کے امیر مولانا محمود میاں سیکرٹری جنرل حافظ نصیر احمد احرار صوبائی ترجمان حافظ غضنفر عزیز و دیگر صوبائی عاملہ کے اراکین نے جمعیت علماء اسلام سندھ کے امیر مولانا سائیں عبدالصمد ہالیجوی کے انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سائیں عبدالصمد ہالیجوی سیاست و طریقت دونوں میدانوں کے راہبر تھے۔ انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ ورلڈ کے مرکزی امیر مولانا ڈاکٹر سعید احمد عنایت اللہ، مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا ڈاکٹر احمد علی سراج، نائب امیر مولانا عبدالرؤف مکی، مولانا محمد الیاس چنیوٹی، مولانا صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی، معاون خصوصی امیر مرکزیہ مولانا محمد بن سعید، مرکزی ترجمان مولانا مجیب الرحمن، مولانا قاری محمد طیب عباسی، مولانا محمد امداد اللہ قاسمی، مولانا محمد اکرم، مولانا قاری شبیر احمد عثمانی، مولانا قاری محمد رفیق وجھوی، مولانا افتخاراللہ شاکر اور مولانا غلام یاسین صدیقی نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ مولانا سائیں عبدالصمد کی تما م زندگی جمعیت علمائے اسلام کے پلیٹ فارم سے ’’پرچم نبویؐ‘‘ کے زیر سایہ نفاذ شریعت کیلئے جدوجہد، اسلام کی اشاعت، اصلاح معاشرہ، انسانیت کی خدمت، مساجد و مدارس اورخانقاہوں کے قیام میں گزری۔

مزیدخبریں