کراچی (نوائے وقت رپورٹ) محکمہ وائلڈ لائف نے گاڑی سے نکل کر شاہراہ فیصل پر آنے والے شیر کو ریسکیو کر لیا، پولیس نے شیر کے مالک کو حراست میں لے لیا۔ شیر کے مالک کو گارڈن کے علاقے سے گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق شیر کو وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ کے اہلکاروں نے پکڑ لیا ہے۔ شیر کو پنجرے میں ڈال کر وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ منتقل کر دیا گیا ہے۔ محکمہ وائلڈ لائف کے ترجمان جاوید مہر کا کہنا ہے کہ تحقیقات کی جائے گی کہ شیر کا پرمٹ ہے یا نہیں، وائلڈ لائف قوانین کے تحت رہائشی علاقوں میں شیر رکھنے کی ممانعت ہے۔ اس سے قبل شہر قائد میں 3 دن کا بھوکا شیر گاڑی سے نکل کر شاہراہ فیصل پر ٹہلنے لگا۔ شیر ایک عمارت کی پارکنگ میں داخل ہو گیا۔ شہری پر حملہ کیا تاہم وہ محفوظ رہا۔ شیر کے مالک نے مؤقف اپنایا شیر بیمار تھا، علاج کیلئے لے جا رہے تھے۔