ڈالر 318روپے کی نئی بلند ترین سطح پر ، سونا 500روپے تولہ مہنگا

Aug 30, 2023

کراچی (کامرس رپورٹر) انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں اضافے کا رجحان جاری رہا۔ کرنسی مارکیٹ میں ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح پر جاپہنچا۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق منگل کے روز انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر1.05روپے مہنگا ہو گیا جس کے بعد ڈالر کی قدر 302روپے سے بڑھ کر 303.05 روپے ہو گئی۔ اسی طرح 3روپے کے نمایاں اضافے سے اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 315روپے سے بڑھ کر318روپے پر جا پہنچی۔ فاریکس رپورٹ کے مطابق یورو کی قدر میں 3روپے کا اضافہ ہوا جس سے یورو کی قدر 343روپے سے بڑھ کر 346روپے ہو گئی۔ اسی طرح 3روپے کے نمایاں اضافے سے برطانوی پونڈ کی قدر400روپے سے بڑھ کر403روپے پر جا پہنچی۔ دوسری طرف  ایک تولہ سونا 500روپے مہنگا ہو کر 2لاکھ 33ہزار 500روپے کا ہو گیا۔ اسی طرح429روپے کے اضافے سے دس گرام سونے کی قیمت 2لاکھ 189روپے ہو گئی۔ جبکہ عالمی مارکیٹ میں 2ڈالر کے اضافے سے فی اونس سونا 1917 ڈالر پر جا پہنچا۔

مزیدخبریں