لاہور (خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب محمد جاوید قصوری اور امیر جماعت اسلامی لاہور ضیا ء الدین انصاری ایڈوکیٹ نے2 ستمبر کو ملک گیر ہڑتال کے حوالے سے مال روڈ مسجد شہداء کے سامنے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سراج الحق کی اپیل پر پنجاب کے تمام شہرؤں سمیت لاہور میں بھی 2 ستمبر کو ہڑتال ہوگی۔ حکومت نے دن بدن مہنگائی کے عذاب میں اضافہ کرکے لوگوں کو خود کشیوں پر مجبور کر دیا ہے۔دہاڑی دار مزدور طبقے میں ہزاروں روپے کے بجلی کے بل ادا کرنے کی سکت نہیں۔ہزاروں روپے کے ناجائزہ بجلی کے بلوں کی وجہ سے ملک میں کئی خودکشیوں کے واقعات پیش آچکے ہیں۔ سابقہ اور موجودہ حکمرانوں کی عوام دشمن پالیسیوں نے عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے۔ عام آدمی دووقت کی روٹی کیلئے ترس رہا ہے، بجلی کے بل کہاں سے ادا کریں۔ حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کیخلاف صوبائی دارالحکومت میں 2 ستمبر کو احتجاجی ہڑتال کریں گے۔ جماعت اسلامی لاہور شہر کی مین شاہراؤں اور چوکوں پر کمرتوڑ مہنگائی اور بجلی کے بلوں میں ظالمانہ اضافہ کیخلاف احتجاجی کیمپس لگائے گی۔