گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی ) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹرز ڈاکٹر ماریہ جاوید نے کہا کہ ماں کا دودھ بچے کیلئے بہترین غذا ہے، ماں کادودھ بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت بڑھانے کا بہترین ذریعہ بھی ہے‘ نوزائیدہ بچوں میں بڑھتی بیماریوں اور دیگر مسائل کا ایک سبب بازاری دودھ کا بے جا استعمال ہے‘ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ صحت کے زیر اہتمام بنیادی مرکز صحت اٹاوہ میں ورلڈ بریسٹ فیڈنگ ویک کے سلسلہ میں ماں کے دودھ کی اہمیت و افادیت کے حوالے سے مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ڈی سی آئی آر ایم این سی ایچ ڈاکٹر فریحہ اکرم ملک،سلطان محمود و دیگر اس موقع پر انکے ہمراہ تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ خواتین میں ماں کے دودھ کی افادیت بارے شعور و آگاہی پیدا کی جائے تاکہ ایک صحتمند معاشرے کی تشکیل ممکن ہوسکے۔ ڈاکٹر فریحہ اکرم ملک نے کہاکہ ملازمت پیشہ اور کام کرنے والی مائیں دہری ذمہ داری سے نبرد آزما ہوتی ہیں لہٰذا ان سے وابستہ افرادان کوریلیف مہیا کریں تاکہ وہ صحت کو برقرار رکھتے ہوئے بچوں کو اپنا دودھ پلانے کے قابل ہوسکیں۔