حافظ آباد (نمائندہ خصوصی +نمائندہ نوائے وقت)حافظ آباد میں نوزائیدہ بچوں میں ماں کے دودھ کی افادیت کے حوالے سے بریسٹ فیڈ نگ ویک کا آغاز ہو گیا۔بریسٹ فیڈنگ آگاہی کے لیے محکمہ صحت کی جانب سے ڈپٹی کمشنر عمر فارو ق وڑائچ کی زیر صدارت مقامی ہال میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا ،جس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عمر شریف راٹھور، ڈسٹرکٹ کوآرڈنیٹر ڈاکٹر رائے شہروز،ایم اینڈ ای او عشرت رانا،صدر ڈسٹرکٹ باروقاص رضاا عوان ،محمد عاطف علی، ڈاکٹر محمد اقبال، ڈاکٹر امجد علی، عبدالجبار انصاری سمیت ڈاکٹرز،علمائے کرام، سماجی تنظیموں کی رہنما خواتین نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر عمر فارو ق وڑائچ نے کہا کہ ماں کے دودھ کے علاوہ بچوں کیلئے اور کوئی بہترین غذا نہیں ،اس میں قدرت کے تمام بھر پور وٹامنزشامل ہوتے ہیں جو کم عمر بچوں کی صحت کے لیے ضروری ہوتے ہیں۔بچوں کو اپنا دودھ پلانے والی خواتین چھاتی کے کینسر جیسی بہت سی خطرناک بیماریوں سے محفوظ رہ سکتی ہیں ،اللہ تعالیٰ کا حکم ہے کہ مائیں کم از کم دو سال تک بچوں کو دودھ پلائیں ،اس سے زچہ و بچہ کی صحت بہتر ہوتی ہے۔علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت چہلم امام حسین ؓ کے حوالے سے بھی اجلاس ہوا،جس میں سکیورٹی اور انتظامات سمیت اہم امور زیر غور آئے۔
ماں کے دودھ کی افادیت بارے بریسٹ فیڈ نگ ویک کا آغاز
Aug 30, 2023