گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی)چائلڈ پروٹیکشن بیورو آفس میں مبینہ طور پر ہونیوالی کرپشن کی داستان سے متعلق گمنام ملازم نے افسران بالا کے نام تحریری درخواستوں میں کچا چٹھا کھول کے رکھ دیا ، بچوں سے عیدی واپس لینے ، راشن میں خوردبرداور لاکھوں روپے کا سرکاری سامان فروخت ہونے سمیت مزید انکشافات سامنے لے آیا۔چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو پنجاب سارہ احمد، ایڈیشنل چیف سیکرٹری (ہوم)،ڈائریکٹر جنرل ڈائریکٹوریٹ آف مانیٹرنگ اور ڈائریکٹر جنرل چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو لاہور اور کمشنر گوجرانوالہ کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو آفس گوجرانوالہ کے گمنام اہلکار نے تحریری درخواستیں دیکر الزامات عائد کئے ہیں کہ ڈی او احمد چیمہ اور دیگر افسران نے بیورو آفس میں مبینہ طور پر اندھیر نگری مچا رکھی ہے ،گزشتہ بڑی عید پر ایک فیملی نے ادارے میں مقیم بچوں کو فی کس ایک ہزار روپے عیدی دی جو 91ہزار روپے بنی تھی ،فیملی کے جانے کے فوری بعد ہاسٹل کے بچوں سے زور زبردستی عیدی واپس لے لی گئی جبکہ جن بڑے بچوں نے عیدی واپس نہیں کی انہیں مارا پیٹا بھی گیا ۔ اس حوالے سے رابطہ کرنے پر ڈی اواحمد چیمہ کا کہنا تھا کہ ان درخواستوں پر انکوائری ہوچکی ہے کوئی الزام ثابت نہیں ہوا تھا، لہذا یہ درخواستیں جھوٹ پر مبنی ہیں۔