بنگلہ دیش کیخلاف دوسرا ٹیسٹ آج شروع، پاکستان کو سیریز بچانے کا چیلنج درپیش، شاہین آفریدی ڈراپ

Aug 30, 2024

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ آج 30 اگست سے 3 ستمبر تک راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائیگا۔دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں مہمان ٹیم کو ایک صفر کی سبقت حاصل ہے۔ دوسرے ٹیسٹ سے قومی ٹیم کے فاسٹ بائولر شاہین شاہ آفریدی کو ڈراپ کر دیاگیا۔میچ صبح دس بجے شروع ہوگا۔قومی ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈکوچ جیسن گلیسپی نے شاہین شاہ آفریدی کو راولپنڈی میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ سے ڈراپ کرنے کی تصدیق کی ہے۔شاہین شاہ آفریدی جو پہلے ٹیسٹ کے بعد بیٹے کی پیدائش پر کراچی آئے تھے انہوں نے راولپنڈی میں سکواڈ کو جوائن کر لیا تاہم وہ پلیئنگ الیون کا حصہ نہیں ہوں گے۔ جیسن گلیسپی نے بتایا کہ شاہین آفریدی ابھی باپ بنے ہیں، ہم چاہتے ہیں شاہین اپنی فیملی کیساتھ وقت گزاریں،شاہین آفریدی تینوں فارمیٹس کی کرکٹ کھیل رہے ہیں‘انہیں آرام دیا گیاہے۔بائولنگ آل راؤنڈر عامر جمال فٹنس کلیئرنس نہیں کر پائے۔ مسٹری سپنر کے ابرار احمد کو 12 رکنی سکواڈ میں کنڈیشنرکو دیکھ کر شامل کیا گیا ہے۔ پلیئنگ الیون کا فیصلہ کل پچ دیکھ کر کریں گے۔ جو پچھلے میچ میں ہوا ، اس کو بدل نہیں سکتے، دوسرا ٹیسٹ میچ جیتنے کی کوشش کریں گے، کھلاڑیوں کو ذمہ داری لینی پڑے گی، پہلے ٹیسٹ میں جس طرح کھیلا، ہم اس سے بہتر کھیل سکتے ہیں۔ پہلے ٹیسٹ میں اوور ریٹ بہت برا تھا، کبھی نہیں کہا کہ آسٹریلیا کی طرح پاکستان کو کھیلنا ہے، کھلاڑی پاکستان کیلئے کھیلنے کا جوش و جذبہ رکھتے ہیں جو میرے لیے بہت اہم بات ہے۔ شان مسعود بہت مثبت کپتان ہیں، پہلے ٹیسٹ میں پہلی اننگز ڈکلیئر کرنے کا فیصلہ بھی مثبت سوچ کیساتھ کیا تھا، پہلا ٹیسٹ میں شکست سے مایوس تو ضرور ہیں، اب پاکستان کو سیریز میں واپس آنا ہوگا۔ 12 رکنی سکواڈ میں سلمان علی آغا، صائم ایوب، بابر اعظم، میر حمزہ، محمد رضوان، شان مسعود، سعود شکیل، ابراراحمد، محمد علی ، عبداللہ شفیق، نسیم شاہ اور خرم شہزاد شامل ہیں۔ تیز بارش کے باعث پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں گزشتہ روز پریکٹس نہ کر سکیں ، مسلسل بارش کے باعث پا کستان اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کا  جمعرات کو پریکٹس سیشن منسوخ کر دیا گیا ۔میچ کے دوران بھی بارش کا امکان ہے ۔ 

مزیدخبریں