لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے راولپنڈی میں بنگلہ دیش کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میچ سے قبل بارش سے متاثرہ وکٹ خشک کرنے کیلئے ’’جدید‘‘طریقہ استعمال کرتے ہوئے ماہرین کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے رین الرٹ کے مطابق 29 سے 31 اگست تک وقفے وقفے سے بارش کے امکانات ہیں۔راولپنڈی اور مضافات میں گزشتہ روز ہونے والی تیز بارش کے باعث راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کی آؤٹ فیلڈ اور میچ کیلئے مختص کی جانے والی وکٹ گیلی ہوگئی ہے تاہم وکٹ خشک کرنے کیلئے پی سی بی کے عملے نے نیا طریقہ ڈھونڈ نکالا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے گراؤنڈ سٹاف نے وکٹ خشک کرنے کیلئے پیڈسٹل پنکھے استعمال کرنے کا فیصلہ کیا اور گزشتہ روز وکٹ کے دونوں اطراف پنکھے لگائے گے تاکہ وکٹ کو میچ سے قبل بروقت تیار کیا جاسکے۔